پاکستانی نوجوان کاغذی جہاز کا عالمی چیمپئن بن گیا

0
50

سالزبرگ:پاکستانی نوجوان کاغذی جہاز کا عالمی چیمپئن بن گیا،اطلاعات کے مطابق پاکستان کے نوجوان طالب علم رانا محمد عثمان سعید نے کاغذی جہاز کی عالمی چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کردیا ہے۔

یہ مقابلہ آسٹریلیا کے شہر سالز برگ میں منعقد ہوا جس میں دنیا بھر سے لوگوں نے شرکت کی، اس مقابلے میں کاغذی جہاز بنانے اور اڑانے والے خواہشمند افراد نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا جبکہ شرکاء نے اے فور سائز کے مخصوص لال رنگ کے پیپر سے جہاز بنایا۔

یہ مقابلے تین مختلف کیٹیگریز میں منعقد کیے گئے تھے جن میں فاصلہ، ایئر ٹائم اور فضائی کرتب کی کیٹیگریز شامل تھیں جبکہ پاکستانی نوجوان نے فاصلے والی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

عالمی چیمپئن بننے کے بعد پاکستانی طالب عالم رانا محمد عثمان سعید کا کہنا تھا کہ ’آُپ دیکھ سکتے ہیں کہ زیادہ تر شرکاء کے پاس جو جہاز ہے اسے اسکائی کنگ کہا جاتا ہے مگر میرے پاس مختلف ڈیزائن ہیں جو مربع کاغذ سے تیار کیا گیا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ میں نے اس میں تھوڑا سا ردوبدل کیا تھا جس سے مجھے اچھے نتائج ملے ہیں اور یہی میرے عالمی چیمپئن بننے کی وجہ بنی۔

واضح رہے کہ رانا محمد عثمان کا جہاز سب سے زیادہ 14.86 سیکنڈز فضا میں رہا جبکہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ان کا جہاز 16.39 سیکنڈز تک فضا میں رہا تھا۔

دوسری جانب فاصلے کی کیٹیگری میں کامیابی سربیا سے تعلق رکھنے والے لارز کرسٹک کے حصے میں آئی جن کے جہاز نے سب سے زیادہ فاصلہ یعنی 61.11 میٹر طے کیا تھا۔فضائی کرتب والی کیٹیگری میں شرکاء کے بنائے ہوئے کاغذی جہازوں نے حیران کن کرتب دکھائے تاہم پہلی پوزیشن جنوبی کوریا کے سونگ ہون لی نے حاصل کی۔

یاد رہے کہ کاغذی جہاز کے اس بین الاقوامی مقابلے کے لیے شوقین افراد کا دنیا بھر سے انتخاب کیا جاتا ہے جبکہ فائنل مقابلوں میں ملکی سطح کے چیمپئنز کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

زیلز برگ میں منعقد ہونے والی ریڈ بل پیپر ونگز 2022 نامی اس چیمپئن شپ میں رواں سال 150 سے زائد افراد نے شرکت کی جبکہ اس عالمی مقابلے کا فائنل 15 مئی کو منعقد کیا گیا تھا جس میں شائقین کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

Leave a reply