یوکرین پرروسی حملہ:روس سے سلامتی کونسل کی مستقل ممبرشپ واپس لینے کی منصوبہ بندیاں

0
40

جنیوا :یوکرین پرروسی حملہ:روس سے سلامتی کونسل کی مستقل ممبرشپ واپس لینے کی منصوبہ بندیاں ،اطلاعات کے مطابق یوکرائن نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ روس کو یوکرائن پر بلا جواز چڑھائی کے ردعمل میں اُسے اقوام متحدہ میں حاصل اہم اختیارات واپس لے لیے جائیں۔

یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے مطالبہ کیا ہے کہ روس کو اقوام متحدہ میں حاصل حقِ رائے دہی کا اختیار چھین لیا جائے۔ صدر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ یوکرائن میں روس کی مجرمانہ کارروائیاں نسل کشی کی زمرے میں آتی ہیں۔

واضح رہے کہ روس 1945ء میں اقوام متحدہ کے قیام سے ہی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے اور مستقل رکن کے طور پر اُسے کسی بھی وجہ سے قراردادوں کو ویٹو کرنے کا حق حاصل ہے۔

جمعہ کے روز روس نے اپنے اسی اختیار کا استعمال کرتے ہوئے سلامتی کونسل میں روس کی جارحیت کی مذمت اور یوکرائن سے انخلا کے مطالبے کی قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا۔یہ بھی یاد رہے کہ سلامتی کونسل کے دیگر چار مستقل ارکان میں امریکا، برطانیہ، فرانس اور چین شامل ہیں۔

اس کونسل کو دوسری جنگِ عظیم کے بعد مستقبل میں تنازعات سے بچنے اور امن کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔

دوسری جانب انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو اعزازی صدر اور سفیر کی حیثیت سے معطل کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ صدر پیوٹن جوڈو بلیک بیلٹ ہیں۔

حال ہی میں میں کھیلوں کے حوالے سے بھی روس کے خلاف کئی پابندیوں کا اعلان کیا گیا ہے اور یہ فیصلہ بھی انہی پابندیوں کا تسلسل ہے۔رواں برس ستمبر میں سوچی میں منعقد ہونے والی روسی فارمولا ون گراں پری کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

 

رواں ہفتے کے شروع میں اعلان کیا گیا تھا کہ چیمپئنز لیگ 2022ء کا فائنل روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ کی بجائے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں کھیلا جائے گا۔

ادھر ذرائع کے مطابق یوکرائن کے دارالحکومت کیف پر قبضے کی کشمکش کے دوران جھڑپوں میں تیزی آ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کیف کے مضافاتی علاقے ترائیشچینا پر روس کی جانب سے میزائل حملہ کیا گیا ہے۔یوکرائن کے وزیر داخلہ کے مشیر نے ٹیلی گرام ایپ پر ایک پوسٹ میں اسے رہائشی علاقے پر بے مقصد اور بے رحمانہ حملہ قرار دیا ہے۔یوکرائن نے بیلا روس سے دارالحکومت کیف کو نشانہ بنانے والے میزائل کو مار گرانے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

یوکرائن کے وزیرِ خارجہ اولگ نکولینکو نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فضائیہ نے دارالحکومت کیف پر داغا گیا ایک میزائل مار گرایا ہے۔اُنہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ میزائل جس جہاز سے داغا گیا اُس نے روس کے اتحادی ملک بیلا روس سے پرواز کی تھی۔اُدھر دارالحکومت کیف کے شمال مغرب میں واقع مضافاتی علاقے بوچا میں متحارب فوجوں کے مابین لڑائی میں شدت آ گئی ہے۔

Leave a reply