Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بھارتی گینگسٹر گولڈی برار ایف بی آئی کی انتہائی مطلوب فہرست میں شامل،گرفتاری پر 1 ملین ڈالرز انعام


امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے بھارت سے تعلق رکھنے والے گینگسٹر ستیندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار کو 10 انتہائی مطلوب اور مفرور ملزمان کی فہرست میں شامل کر لیا۔


ایف بی آئی کے مطابق ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے والے افراد کے لیے 1 ملین ڈالرز انعام مقرر کیا گیا ہے،گولڈی برار شمالی امریکا میں بھارتی گینگ لارینس بشنوئی کا سربراہ ہے جس پر امریکا اور کینیڈا میں مختلف پرتشدد جرائم میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔


امریکی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گولڈی برار مسلح، خطرناک اور فرار ہونے کی کوشش کرنے والا ملزم ہے جس پر خالصتان نواز رہنما ہرجیت سنگھ نجر کے قتل کا حکم دینے کا بھی الزام ہے،گولڈی برار دنیا بھر میں گروہ کے ارکان اور معاونین کو مجرمانہ سرگرمیوں کی ہدایت دیتا رہا ہے۔


تحقیقاتی ادارے کے مطابق گولڈی برار پر سیاسی اور مذہبی شخصیات کے قتل، فائرنگ، قتل، اغواء، بھتہ خوری، حملوں اور منشیات و اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں،آپریشن ہارڈ بال کےتحت 37 مفرور افراد کی نشاندہی کی گئی جن کےخلاف بھارت سے سر گر م بین الاقوامی منظم جرائم کے گروہوں سے تعلق کے الزام میں کارروائی کی گئی، جولائی میں امریکی حکام نے ان افراد کے خلاف مقدمات قا ئم کیے تھے۔


گولڈی برار کے خلاف یکم جولائی کو کیلیفورنیا کی مرکزی وفاقی ضلعی عدالت سے گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھابھارتی گینگسٹر پر منظم جرائم، بھتہ خوری کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں میں مداخلت اور منشیات کی تقسیم و قبضے کی سازش کے بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔