میانوالی:برقع نا پہننے پر 13 سالہ لڑکی قتل

میانوالی میں برقع نہ پہننے پر 13 سالہ لڑکی کو اس کے چچازاد بھائی نے مبینہ طور پر بھرے بازار میں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ 15 اکتوبر کو میانوالی کے علاقے بٹیاں میں پیش آیا، جہاں لڑکی اپنے والدین کے ہمراہ خریداری کے لیے بازار جارہی تھی۔
مقتولہ کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ملزم نے سامنے آکر کہا کہ وہ اسے بغیر حجاب گھر سے نکلنے کا مزہ چکھانے آیا ہے، جس کے بعد اس نے پستول سے یکے بعد دیگرے سات گولیاں چلائیں, فائرنگ سے لڑکی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔
مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو تعلیم دلانا چاہتے تھے، تاہم خاندان کے دباؤ پر اسے پانچویں جماعت کے بعد اسکول سے اٹھانا پڑا والد کے مطابق ملزم اپنی بہنوں پر بھی پردے کے لیے دباؤ ڈالتا تھا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف قتل اور غیرت کے نام پر قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق نویں جماعت کا طالب علم ملزم اپنی چچازاد بہن کے برقع پہنے بغیر گھر سے نکلنے پر اعتراض کرتا تھا ملزم کو واقعے کے 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا گیا، جبکہ عدالت نے اس کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔





