اتوار، 18 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حوثیوں کا جدید سعودی اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ


یمن کے حوثی باغیوں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے نجران کے قریب سرحدی علاقے میں سعودی فوج کا اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے-


حوثی فورسز کے ملٹری ترجمان یحییٰ سریع نے حوثیوں کے زیرِ انتظام کام کرنے والی یمنی خبر رساں ایجنسی ’صبا‘ کے ذریعے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سعودی اپاچی ہیلی کاپٹر سرحدی علاقے میں ان کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائیوں میں مصروف تھا، جسے حوثی فورسز نے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔


بوئنگ کمپنی کا تیار کردہ یہ ہیلی کاپٹر حجم میں چھوٹا ہے اور اس کی ریڈار پر شناخت ہونے اور بصری طور پر دکھائی دینے کی صلاحیت نسبتاً کم ہے,یہ ہیلی کاپٹر تیز رفتاری سے رخ بدلنے اور شہری و پہاڑ ی علاقوں میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے,اسے مسلح نگرانی اور خصوصی افواج کی معاونت کے لیے موزوں سمجھا جاتا ہےجدید سینسرز کی بدولت یہ دن اوررات دونوں اوقات میں کارروائیاں کرسکتا ہے۔


دوسری جانب یمن میں اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ سعودی عرب کے علاقے نجران میں نیشنل گارڈ کا ایک ’اے ایچ 6 آئی‘ جاسوس ہیلی کاپٹر تکنیکی خرا بی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا ہے، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں افسر جاں بحق ہوگئے۔


سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی نے بتایا کہ فوجی اتحاد نے جنوب مغربی شہر خمیس مشیط کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا، جبکہ دارالحکومت ریاض، مشرقی صوبے اور جنوبی علاقوں میں کُل چار ڈرونز کو بھی حدِ نشانہ بناتے ہوئے ناکارہ بنایا گیا۔


میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرے کے پیشِ نظر سعودی سول ڈیفنس نے دارالحکومت ریاض، ابہا اور خمیس مشیط میں وقتی طور پر ہنگامی الرٹ جاری کیا، جسے بعد میں خطرہ ٹلنے پر واپس لے لیا گیا۔