اتوار، 18 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کینیڈا کے فوجی بیس پر خوفناک آتشزدگی


کینیڈا کے صوبے البرٹا میں فوجی اڈے پر ایک سنگین واقعے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔


کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ہفتے 17 اکتوبر کو سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ البرٹا میں واقع سی ایف بی وین رائٹ فوجی اڈے پر ایک سنگین واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر آگ لگ گئی۔


کینیڈا کے وزیر دفاع ڈیوڈ میک گنٹی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا کہ انہیں یہ افسوس ناک اطلاع دیتے ہوئے دکھ ہو رہا ہے کہ فوجی اڈے پر پیش آنے والے واقعے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔


انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے الگ پیغام میں کہا کہ اس واقعے سے متاثر ہونے والے تمام بہادر مردوں اور خواتین کے ساتھ ہماری ہمدردیاں ہیں۔


یہ واقعہ البرٹا کے قصبے وین رائٹ کے قریب واقع ایک فوجی تنصیب میں پیش آیا، جو صوبائی دارالحکو مت ایڈمنٹن سے تقریباً 180 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔


البرٹا کی وزیراعلیٰ ڈینیئل اسمتھ نے آتشزدگی کو ایک بڑے اور افسوس ناک سانحے سے تعبیر کیا ان کے مطابق آگ کے واقعے سے فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے اور صوبائی حکام صورت حال سے نمٹنے کے لیے کینیڈا کی وفاقی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔


ڈینیئل اسمتھ نے اپنے بیان میں کہا کہ صورت حال میں پیش رفت کے ساتھ البرٹا کی حکومت، کینیڈا کی حکومت اور وزیراعظم مارک کارنی کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔


دوسری جانب کینیڈا کی اپوزیشن جماعت کنزرویٹو پارٹی کے رہنما پیئر پوئیلیورے نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم اور وزیر دفاع سے بات کرکے آگ سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے تعاون کی پیشکش کی ہے۔


انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ سب لوگ وین رائٹ کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے علاقے میں موجود افراد پر زور دیا کہ وہ اپنی حفاظت یقینی بنائیں، مقامی ہنگامی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور امدادی کارکنوں کی آمدورفت کے لیے سڑکیں خالی رکھیں۔


فوجی اڈے پر آگ لگنے کی وجوہات، ہلاکتوں کی درست تعداد اور واقعے کی دیگر تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں حکام کی جانب سے مزید معلومات جاری کیے جانے کا انتظار ہے۔