پنجاب: 24 گھنٹوں میں 1346 ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق، 1500 سے زائد زخمی

پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1346 ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 1583 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ہونے والے 1346 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا۔ ترجمان کے مطابق حادثات میں 706 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو ٹیموں نے فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ضلعی اور تحصیل اسپتالوں میں منتقل کیا، جبکہ 877 معمولی زخمیوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں نے جائے حادثہ پر ہی بروقت طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ٹریفک حادثات میں زیادہ تر تعداد موٹر سائیکل سواروں کی رہی اور مجموعی حادثات میں 82 فیصد موٹر سائیکلیں شامل تھیں۔ صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے اعدادوشمار کے مطابق حادثات میں 875 ڈرائیورز، 69 کم عمر ڈرائیورز، 532 مسافر اور 183 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق لاہور کنٹرول روم میں ٹریفک حادثات سے متعلق 235 ایمرجنسی کالز موصول ہوئیں، جس کے نتیجے میں صوبائی دارالحکومت 290 متاثرین کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ فیصل آباد 79 حادثات میں 86 متاثرین کے ساتھ دوسرے جبکہ ملتان 76 حادثات میں 81 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ان حادثات کے مجموعی 1590 متاثرین میں 1254 مرد اور 336 خواتین شامل ہیں۔ حادثات میں سب سے زیادہ موٹر سائیکلیں متاثر ہوئیں، جن کی تعداد 1525 رہی، جبکہ 85 آٹو رکشے، 134 کاریں، 25 وینز، 13 مسافر بسیں، 26 ٹرک اور 62 دیگر اقسام کی گاڑیاں بھی حادثات کا شکار ہوئیں۔
مزید پڑھیں





