جمعرات، 29 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکی بزنس مین کے قتل کے الزام میں 22 سالہ خاتون گرفتار

مصنف:

وسطی امریکی ملک کوسٹا ریکا میں 74 سالہ امریکی بزنس مین مارک فلیمنگ کے قتل کے الزام میں 22 سالہ مقامی خاتون کو ایک ماہ کی تلاش کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔


امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق ملزمہ کی شناخت صرف اورٹیز کے نام سے ظاہر کی گئی ہے۔ وہ منگل کے روز گرفتار ہوئی۔ مارک فلیمنگ کی لاش 27 ستمبر کو صوبہ گواناکاسٹے کے علاقے میں واقع ان کے چھٹی منزل کے اپارٹمنٹ سے ملی تھی، جہاں انہیں تشدد کرکے قتل کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمہ کو آخری مرتبہ 27 ستمبر کو فلیمنگ کے ساتھ ان کے اپارٹمنٹ میں جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ چند گھنٹے بعد وہ مختصر لباس میں اپارٹمنٹ سے باہر نکلتی ہوئی نگرانی کے کیمروں میں نظر آئی۔ اس کے ساتھ گلابی لباس پہنے ایک اور خاتون بھی موجود تھی۔


مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ ملزمہ نے بلینڈر کے شیشے کے جار سے فلیمنگ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔ ملزمہ پر مقتول کے کریڈٹ کارڈز چوری کرنے کا الزام بھی ہے، جبکہ تقریباً 25 ہزار ڈالر مالیت کی تین رولیکس گھڑیاں تاحال لاپتا ہیں۔مارک فلیمنگ کا تعلق امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تھا اور وہ لاس اینجلس کی ایک دھاتوں کی کمپنی میں نائب صدر رہ چکے تھے۔ انہوں نے مارچ میں کوسٹا ریکا میں مذکورہ اپارٹمنٹ خریدا تھا۔پولیس نے اس کیس میں پہلے ہی روکسانا زیلیدون نامی خاتون کو گرفتار کیا تھا، جس پر الزام ہے کہ اس نے مرکزی ملزمہ کو گرفتاری سے بچنے میں مدد فراہم کی۔ تفتیش کاروں نے دونوں خواتین کی نقل و حرکت کا سراغ مختلف علاقوں میں خریداریوں اور دیگر شواہد کی مدد سے لگایا۔حکام کے مطابق اورٹیز کو خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سان فیلیپے ڈی الاجویلیتا کے علاقے میں واقع ایک گھر سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔