بیوی کو مبینہ عاشق کے ساتھ بستر پر دیکھ کر شوہر نے عاشق کی جان لے لی

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو دوسرے شخص کے ساتھ بستر پر دیکھنے کے بعد طیش میں آکر اسے چاقو کے متعدد وار کرکے قتل کردیا۔ واقعے کے وقت جوڑے کے دو کمسن بچے بھی اسی بستر پر موجود تھے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 34 سالہ اسماعیل پینیڈالوپیز پر الزام ہے کہ اس نے 24 اکتوبر کو ایناہائم میں واقع اپنے گھر کے بیڈ روم میں 28 سالہ نکولس گارسیا کو جیب میں رکھنے والے چاقو سے متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں گارسیا موقع پر ہی دم توڑگیا،اورنج کاؤنٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے مطابق ملزم مبینہ طور پر کام سے جلد گھر واپس آیا تو اس نے گارسیا کو اپنی بیوی کے ساتھ بستر پر دیکھا۔ اس وقت ان کی دو سالہ بیٹی اور چار سالہ بیٹا بھی بستر پر موجود تھے۔حکام کے مطابق واقعے میں ملزم کی بیوی اور دونوں بچے محفوظ رہے اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
اورنج کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ٹوڈ اسپٹزر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کسی مسئلے کا حل نہیں اور یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ کمسن بچوں کو اپنے ہی گھر میں اپنے والد کے ہاتھوں اس قدر ہولناک تشدد کا مشاہدہ کرنا پڑا۔پولیس نے اسماعیل پینیڈالوپیز کو جائے وقوعہ سے گرفتار کرلیا۔ اس پر قتل کی سنگین فردِ جرم عائد کی گئی ہے، جبکہ اسلحے کے ذاتی استعمال سے متعلق اضافی الزام بھی شامل ہے۔ملزم کو منگل کے روز عدالت میں پیش کیا گیا۔ تمام الزامات ثابت ہونے کی صورت میں اسے 26 سال قید سے لے کر عمر قید تک کی سزا ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں رواں سال بھی بے وفائی کے شبہے سے جڑا ایک اور قتل کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ سابق فائر فائٹر اینڈریو جمنیز پر الزام ہے کہ اس نے جنوری میں نارتھ ہالی ووڈ میں واقع اپنے گھر میں اپنی بیوی مائرہ لوپیز جمنیز کو کلہاڑی سے قتل کیا۔اینڈریو جمنیز کے وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ تفتیش کاروں کو ایک ڈائری ملی تھی، جس میں مبینہ طور پر اس کی بیوی کی بے وفائی سے متعلق معلومات درج تھیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق خاتون پر کلہاڑی سے متعدد وار کیے گئے تھے۔اینڈریو جمنیز پر بھی قتل اور مہلک ہتھیار کے طور پر کلہاڑی استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے بھی 26 سال قید سے لے کر عمر قید تک کی سزا ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں





