جمعرات، 29 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

24 سالہ کاروباری خاتون کو 62 سالہ مبینہ عاشق نے گولی مار کر قتل کردیا

مصنف:

برازیل میں 24 سالہ کاروباری خاتون پرسکیلا لاسرڈا کسٹوڈیو کو مبینہ طور پر ان کے 62 سالہ عاشق نے اس وقت گولی مار کر قتل کردیا جب انہوں نے فون پر تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا۔ واقعے کے بعد ملزم کے خلاف قتل کے مقدمے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔


غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ پرسکیلا لاسرڈا کسٹوڈیو اور مویشیوں کے فارم کے مالک ژوآؤ رابرٹو بولیلی کے درمیان گزشتہ چار ماہ سے تعلقات قائم تھے۔ مقتولہ کے ایک دوست نے بتایا کہ وہ اپنے عمر رسیدہ ساتھی کے رویے سے خوف زدہ تھیں، کیونکہ وہ مبینہ طور پر ان کی نگرانی کے لیے لوگوں کو مقرر کرنے اور انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں دیتا تھا۔رپورٹ کے مطابق ملزم پرسکیلا سے ان کے سفر کے بارے میں مسلسل سوالات کرتا اور ان پر بے وفائی کے الزامات لگاتا تھا۔ خاتون کو مبینہ طور پر قتل سے چار روز قبل بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔


واقعے کے روز پرسکیلا اپنے بھائی اور ایک دوست کے ہمراہ ملزم کے ساؤ پاؤلو میں واقع فارم پر گئیں تاکہ وہ پک اپ گاڑی واپس کرسکیں جو وہ استعمال کر رہی تھیں۔ تاہم فارم پہنچنے سے قبل ہی فون پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی، جس کے دوران پرسکیلا نے تعلق ختم کرنے کا اعلان کردیا۔رپورٹ کے مطابق خاتون کے فارم پہنچنے پر ملزم نے مبینہ طور پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پرسکیلا کے سینے اور بازو میں گولیاں لگیں اور وہ جانبر نہ ہوسکیں۔فائرنگ کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر مقتولہ کے بھائی کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی اور اس کے پیچھے بھاگا، تاہم بعدازاں موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کو خواتین کے قتل (فیمیسائیڈ) کے طور پر تفتیش میں شامل کیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔


مقتولہ کی دوست جولیانا امرال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرسکیلا ایک بہترین انسان تھیں، جن کی زندگی ایک ظالم شخص نے چھین لی۔ ان کے مطابق پرسکیلا خوبصورت، خوش اخلاق اور انتہائی شائستہ خاتون تھیں اور تین سالہ دوستی کے دوران انہوں نے کبھی کسی کے بارے میں برا نہیں کہا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزم بولیلی کو ماضی میں بھی اپنی ایک سابق ساتھی کی جانب سے حاصل کردہ حفاظتی احکامات کی خلاف ورزی پر سزا سنائی جاچکی ہے۔ دسمبر 2021 میں اسے تین ماہ اور 15 دن قید کی سزا دی گئی تھی۔