اتوار، 8 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

باغی اور روایت شکن شاعر جون ایلیا کی 24ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

جون ایلیا 8 نومبر 2002ء کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے


جدید اردو غزل کے سب سے منفرد، بے باک اور مقبول شاعر جون ایلیا کی 24ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

14 دسمبر 1931ء کو ہندوستان کے شہر امروہہ میں پیدا ہونے والے سید جون اصغر (جون ایلیا) نے روایتی غزل کے سانچے کو توڑ کر اسے خود کلامی، فلسفہ، بغاوت اور تلخ سچائیوں کا نیا آہنگ عطا کیا۔ جون ایلیا نہ صرف ایک ممتاز شاعر تھے بلکہ فلسفہ، تاریخ، زبان و بیان اور منطق کے بھی گہرے شناور تھے۔ 1957ء میں پاکستان ہجرت کے بعد انہوں نے کراچی میں قیام کیا اور طویل عرصے تک معروف علمی و ادبی رسالے ‘انشاء’ کی ادارت کے فرائض انجام دینے کے ساتھ عالمی کلاسیک کے تراجم بھی کیے۔

ان کا پہلا شعری مجموعہ ‘شاید’ ان کی عمر کے ساٹھویں برس شائع ہوا، جس نے اردو ادب کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔ جون ایلیا 8 نومبر 2002ء کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔ حیات میں گوشہ نشین رہنے والے اس عظیم سخنور کی شاعری آج سوشل میڈیا کے دور میں نوجوان نسل کے دلوں کی سب سے گہری آواز بن چکی ہے اور وہ اپنے اشعار کی صورت میں آج بھی ادب دوستوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔