پیر، 19 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

بلوچستان:سکیورٹی فورسز کی کارروائی ،فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک، میجر وجاہت وحید شہید


بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ آئی ای ڈی دھماکے میں میجر وجاہت وحید شہید ہوگئے۔


آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلیجنس اطلاعات پر ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں 18 اکتوبر کو کارروائی کی گئی، جس کے دوران سیکیو رٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد کی گئی۔


آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں ایک کارروائی کے دوران میجر وجاہت وحید کی قیادت میں پیش قدمی کرنے والی سیکیورٹی فورسز کی ٹیم کو دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 34 سالہ میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید میجر کا تعلق لاہور سے تھا۔


آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے قلات اور گوادر میں کارروائیوں کے دوران 4 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور میجر وجاہت وحید کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔


وزیراعظم نے کہا کہ میجر وجاہت وحید نے وطنِ عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، قوم کو اپنے اس بہادر سپوت پر فخر ہے۔ انہوں نے شہید کے اہلِخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔


صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور میجر وجاہت وحید کی قربانی کو سراہا۔ صدر نے کہا کہ دہشتگردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور ان کے مقامی سہولتکاروں کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔