تل ابیب سے ویانا جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع،جہاز کی بلغاریہ میں ہنگامی لینڈنگ

اسرائیل کے شہر تل ابیب سے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا جانے والی آسٹرین ایئرلائنز کی پرواز میں بم کی دھمکی موصول ہونے پر طیارے کو بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں ہنگامی لینڈنگ کرا دی گئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آسٹرین ایئرلائن کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے میں 51 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے طیارہ مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 42 منٹ پر بحفاظت لینڈ کر گیا۔
ایئرلائن نے بتایا کہ مسافروں اور سامان کے علاوہ طیارے کی اسکیننگ میں 5 گھنٹے سے زائد وقت لگا جس کے بعد پرواز کلیئر کر دی گئی۔ جس کے بعد پرواز ویانا کیلئے روانہ ہو گئی۔
فضائی پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے ڈیٹا کے مطابق طیارے کا رجسٹر یشن نمبر OE-LZE تھا اور وہ تل ابیب سے ویانا جا رہا تھا، تاہم اس کا رخ صوفیہ کی جانب موڑ دیا گیا۔
بلغاریہ کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق رومانیہ کی سرحد کے قریب پرواز کے دوران عملے نے بم کی دھمکی سے متعلق اطلاع دی، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی طور پر صوفیہ میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا
۔
اسکائی نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بلغاریہ کی فضائیہ کے ایک لڑاکا طیارے نے صوفیہ میں لینڈنگ تک مسافر طیارے کے ساتھ پرواز کی، بعد ازاں مسافروں کو طیارے سے اتار لیا گیا
یہ واقعہ گزشتہ منگل کو نیویارک سے آنے والی ڈیلٹا ایئرلائنز کی پرواز کو بم کی دھمکی ملنے کے واقعے کے بعد پیش آیا، جس نے اسرائیل کے بین گوریون ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی، نامعلوم شخص کی جانب سے دھمکی موصول ہونے کے بعد مسافروں کو طیارے سے بحفاظت نکال لیا گیا اور تلاشی کے لیے طیار ے کو ایک الگ مقام پر منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں سکیورٹی جانچ پڑتال میں تصدیق ہوئی کہ یہ اطلاع جھوٹی تھی۔




