کرپشن کے الزامات میں بنگلہ دیشی فضائیہ کے سابق سربراہ قطر میں گرفتار

ہ08پ؛لبنگلہ دیش کے سابق فضائی سربراہ ایئر چیف مارشل شیخ عبدالحنان کو کرپشن کے الزامات پر قطر میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بنگلہ دیش کے انسدادِ بدعنوانی کمیشن (اے سی سی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اختر الاسلام نے اتوار کو بتایا کہ قطری حکام نےشیخ عبدالحنان کو 15 اکتوبر کو حراست میں لیا تھا۔ ان کے مطابق انٹرپول کی جانب سے ای میل کے ذریعے کمیشن کو اس گرفتاری سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا،ہمیں انٹرپول نے مطلع کیا ہے کہ قطری قانون نافذ کرنےوالے ادارے نے انہیں 15 اکتوبر کو وہاں حراست میں لیا،ان پر آمدن سے زائد اثا ثے بنانے اور کروڑوں ٹکے کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کرنے کے الزامات ہیں۔
انسدادِ بدعنوانی کمیشن کے مطابق شیخ عبدالحنان پر الزام ہے کہ انہوں نے آمدن کے معلوم ذرائع سے زیادہ 3 کروڑ 28 لاکھ ٹکے سے زائد مالیت کے اثاثے بنائے، جبکہ ان کے ذاتی نام پر موجود چھ بینک اکاؤنٹس کے ذریعے 27 کروڑ 63 لاکھ ٹکے کی مشکوک مالی لین دین بھی کی گئی۔
کمیشن نے اپنی تحقیقات کی بنیاد پر گزشتہ سال جولائی میں ان کے خلاف انسدادِ بدعنوانی کمیشن ایکٹ، منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون اور بدعنوانی کی روک تھام کے قانون کے تحت مقدمات درج کرنے کی منظوری دی تھی۔
اس مقدمے میں شیخ عبدالحنان کی اہلیہ بھی ملزمہ ہیں کمیشن کے مطابق شریک ملزمہ پر بھی شوہر کی مدد سے آمدن کے معلوم ذرائع سے زیادہ ایک کروڑ 91 لاکھ ٹکے سے زائد مالیت کے اثاثے بنانے کا الزام ہے اس کے علاوہ ان کے نام پر موجود 32 بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ایک کروڑ 18 لاکھ ٹکے کی مشکوک ما لی لین دین کا بھی پتا چلا ہے۔
تحقیقاتی حکام نے سابق فضائی سربراہ کے مبینہ بیرونِ ملک اثاثوں کا سراغ کینیڈا اور دبئی تک لگایا ہے، اس کے علاوہ تین مختلف ممالک میں ان کے بچوں کے نام پر رجسٹرڈ اثاثوں کا بھی معلوم کیا گیا ہے۔
مارچ میں ڈھاکا کی ایک عدالت نے انسدادِ بدعنوانی کمیشن کی دو الگ درخواستوں پر شیخ عبدالحنان اور ان کی اہلیہ کے انکم ٹیکس ریکارڈ ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔ یہ کارروائی جاری تحقیقات کا حصہ تھی۔
کمیشن کے مطابق شیخ عبدالحنان متعدد کرپشن مقدمات کا سامنا کرنے اور ان کے بیرونِ ملک سفر پر پابندی عائد ہونے کے باوجود بنگلہ دیش سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
اس سے قبل ایک عدالت ان کے دو اپارٹمنٹس ضبط کرنے اور بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم بھی دے چکی تھی۔ یہ اقدامات آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات کے بعد کیے گئے تھے۔
شیخ عبدالحنان نے 1984 میں بنگلہ دیش ایئر فورس میں جنرل ڈیوٹی پائلٹ کی حیثیت سے کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہوں نے 12 جون 2021 کو بنگلہ دیش ایئر فورس کے 16ویں سربراہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور 11 جون 2024 کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔
دوسری جانب اخباری رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل محمد نذمل حسن کو بھی کرپشن کے مقدمات کا سامنا ہے اور وہ اس وقت بیرونِ ملک ہیں، تاہم ان کے خلاف کسی عدالت نے بیرونِ ملک سفر پر پابندی عائد نہیں کی۔
شیخ عبدالحنان اور محمد نذمل حسن دونوں کو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی عوامی لیگ حکومت کے دور میں مسلح افواج کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
شیخ عبدالحنان نے عوامی لیگ حکومت کے دور میں ہی اپنے عہدے کی مدت مکمل کی، جبکہ محمد نذمل حسن بعد میں محمد یونس کی سربراہی میں قائم عبوری حکومت کے دور میں ریٹائر ہوئے۔
مزید پڑھیں





