پیر، 19 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ٹائیگر شروف پر فائرنگ کی ذمہ داری کس نے قبول کی؟


بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف پر قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کی پہلی تصویر سامنے آ گئی ہے، جبکہ ممبئی پولیس نے حملے میں استعمال کی جانے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی ہے،جبکہ حملے کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ سے منسوب ایک گروپ نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے اس حوالے سے انیل پنڈت نامی شخص کا نام سامنے آیا ہے-


ممبئی کے علاقے جوہو میں اتوار کی شام پیش آنے والے اس واقعے کے بعد پولیس اور کرائم برانچ کی متعدد ٹیمیں ملزمان کی تلاش اور ان کے متحرک نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے میں مصروف ہیں۔


یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹائیگر شروف فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد واپس روانہ ہو رہے تھے،پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے وقت 36 سالہ اداکار بالکل محفوظ رہے، تاہم گاڑی شفٹ کرنے کے دوران ان کے ہاتھ پر بارود سے معمولی جلنے کا نشان آیا ہے جبکہ ان کا ڈرائیور فردوس اور ایک آٹو رکشہ ڈرائیور چوہان فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے۔


موقعِ واردات کے قریب سے حاصل کی جانے والی تصاویر اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو اہم ملزمان کو سفید شرٹس میں دیکھا جا سکتا ہے، جن میں سے ایک نے سیاہ رنگ کی کیپ پہن رکھی ہے۔


https://x.com/Bhupend29375158/status/2112047451695919135?s=20


پولیس حکام اور سیکیورٹی کیمروں کی ریکارڈنگ کے مطابق واقعے میں کل تین افراد ملوث تھے، جن میں سے دو نے گولیاں چلائیں جبکہ تیسرا ملزم موٹر سائیکل اسٹارٹ کیے ان کا انتظار کر رہا تھا،فائرنگ کے بعد تینوں ملزمان ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہو گئے،ب عد ازاں پولیس نے اندھیری ریلوے اسٹیشن سے وہ موٹر سائیکل برآمد کر لی جسے ملزمان فرار ہوتے وقت چھوڑ گئے تھے۔


https://x.com/1TVNewsAF/status/2112039064891277574?s=20


بھارتی ذرائع کے مطابق انیل پنڈت امریکا میں موجود ہے 32 سالہ انیل پنڈت کا تعلق ہریانہ کے شہر پانی پت کے ایک گاؤں سے ہے۔ اس کے مبینہ مجرمانہ روابط کینیڈا، تھائی لینڈ اور دبئی تک پھیلنے کے بعد امریکا تک پہنچے اس کا نام ہریانہ، دہلی اور پونے میں فائرنگ اور بھتہ خوری کے متعدد واقعات کی تحقیقات کے دوران سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔


ذرائع کے مطابق انیل پنڈت پاسپورٹ پر 2023 میں بھارت سے کینیڈا گیا تھا بعد ازاں لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ گینگسٹر رندیپ ملک سے رابطے کے بعد وہ مبینہ طور پر امریکی ریاست کیلیفورنیا پہنچا، جہا ں اس نے لارنس بشنوئی گینگ میں شمولیت اختیار کرلی۔


مہاراشترا کے وزیراعلیٰ دیویندر فاڑنویس نے ممبئی کے پولیس کمشنر دیویندر بھارتی اور اداکار ٹائیگر شروف سے رابطہ کر کے تحقیقات جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، جبکہ نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے بھی اداکار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔


ایکناتھ شندے نے اس واقعے کو انتہائی تشویش ناک قرار دیتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ممبئی میں گینگ وار یا کسی بھی قسم کی غنڈہ گردی کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دیا جائے گا اور اس حملے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔


دوسری جانب حملے کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ سے منسوب ایک گروپ نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے اس حوالے سے انیل پنڈت نامی شخص کا نام سامنے آیا ہے-


رپورٹ کے مطابق بیرون ملک موجودگی کے باوجود انیل پنڈت نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران مبینہ طور پر بھارت میں اپنے شوٹرز کے نیٹ ورک کے ذریعے متعدد جرائم کی منصوبہ بندی کی ان میں پانی پت کے مختلف مقامات پر بھتہ خوری سے منسلک فائرنگ کے واقعات بھی شامل ہیں۔


ہریانہ پولیس اور اسپیشل ٹاسک فورس نے ان واقعات میں ملوث مبینہ شوٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا ان واقعات کے بعد بیرون ملک سرگرم جرائم پیشہ گروہوں اور ہریانہ میں موجود نیٹ ورکس کے درمیان ممکنہ روابط کی تحقیقات اہمیت اختیار کرگئیں۔


انیل پنڈت کا نام دہلی کے علاقے پشچم وہار میں فائرنگ کے ایک واقعے میں بھی سامنے آیا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ایسے جم پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کی جہاں گلوکار گرو رندھاوا آتے تھے۔


اس کیس میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ اور اسپیشل سیل نے کارروائی کرتے ہوئے چار مبینہ شوٹرز کو گرفتار کیا،جن کے انیل پنڈت سے روابط کا شبہ ظاہر کیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان انیل پنڈت سے رابطے کے لیے سگنل ایپ استعمال کرتے تھے اور ان کے پاس غیر ملکی ساختہ اسلحہ بھی تھا۔


دہلی میں فائرنگ کے واقعے کے تقریباً 15 روز بعد بھارتی شہر پونے میں ایک جیولری اسٹور پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کی تحقیقات میں بھی انیل پنڈت کا نام سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا۔


مہاراشٹر پولیس نے اس واقعے میں ملوث مبینہ شوٹرز کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ان کے روابط انیل پنڈت اور شوبھم لونکر نامی ایک اور جرائم پیشہ شخص سے تھے، جسے لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے۔


رپورٹ کے مطابق پونے میں فائرنگ کرنے والے تینوں مبینہ ملزمان کا تعلق راجستھان کے ضلع ہنومان گڑھ سے تھا اور الزام ہے کہ وہ حملہ کرنے کے لیے خصوصی طور پر پونے پہنچے تھے۔


ان واقعات میں انیل پنڈت کا نام سامنے آنے کے بعد بھارتی تفتیشی اداروں کے لیے بیرون ملک موجود مبینہ سرغنوں،مقامی شوٹرز اور بھتہ خوری کے نیٹ ورکس کے درمیان روابط کی تفتیش اہم ہوگئی ہے تاہم، انیل پنڈت کے کردار اور لارنس بشنوئی گینگ سےاس کے تعلق سےمتعلق الزامات کی حتمی تصدیق عدالتی کار روائی اور مستند تفتیشی نتائج سے ہی ہوسکے گی۔