منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اقبال کو خراجِ عقیدت، تحریر: مائرہ حمزہ

نقطہ نظر

آج 9 نومبر ہے۔ آج کا دن صرف ایک تاریخ نہیں، آج کا دن ایک سوچ کا، ایک فکر کا، ایک بیداری کا دن ہے۔ آج شاعرِ مشرق، حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا دن ہے۔ اقبال کو سمجھنا آسان نہیں مگر اقبال کو محسوس کرنا بہت آسان ہے۔ ان کا کلام جب دل پر اترتا ہے تو لگتا ہے جیسے کوئی سوئے ہوئے انسان کو جھنجھوڑ کر کہہ رہا ہو، اٹھو! تم عام نہیں ہو، تم شاہین ہو۔

اقبال بظاہر خاموش اور گہرے تھے مگر ان کے دل میں ایک طوفان موجزن تھا۔ وہ شاعر نہیں تھے، وہ ایک مفکر تھے، ایک رہنما تھے۔ انہوں نے قوم کو صرف شعر لکھ کر نہیں دیے، انہوں نے قوم کو منزل دی۔ اس وقت جب مسلمان ہر طرف سے ٹوٹا ہوا تھا، مایوس تھا، غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا، اقبال نے آ کر کہا کہ مایوسی کفر ہے، اٹھنا ہی تمہاری تقدیر ہے۔

اقبال کا سب سے بڑا پیغام خودی ہے۔ خودی کا مطلب انا یا غرور نہیں ہے بلکہ خودی کا مطلب اپنی پہچان ہے۔ اپنی قدر کو پہچاننا، اپنی طاقت کو پہچاننا ہے۔ اقبال کہتے ہیں انسان اگر خود کو پہچان لے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے ہرا نہیں سکتی۔

وہ کہتے ہیں۔

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے

خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے

یہ شعر صرف پڑھنے کے لیے نہیں، جینے کے لیے ہے۔ جب انسان اپنی خودی کو بلند کر لیتا ہے، جب وہ اللّٰہ سے سچا تعلق جوڑ لیتا ہے، تو اس کی دعا صرف دعا نہیں رہتی، وہ قبولیت بن جاتی ہے۔

اقبال نے نوجوانوں سے بہت محبت کی۔ وہ نوجوانوں کو شاہین کہتے تھے۔ کیوں؟ کیونکہ شاہین کبھی زمین پر رینگ کر کھانا نہیں کھاتا، وہ ہمیشہ بلند پرواز کرتا ہے، وہ تنہا اڑتا ہے، وہ کسی کا محتاج نہیں ہوتا۔ اقبال چاہتے تھے ہماری نوجوان نسل بھی ایسی ہی ہو، جو زمانے کے پیچھے نہ چلے۔

وہ فرماتے ہیں۔

نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر

تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں پر

آج کا نوجوان موبائل میں کھویا ہوا ہے، مقابلے کی دوڑ میں تھکا ہوا ہے، دوسروں کی زندگی دیکھ کر اپنے نصیب سے ناراض ہے۔

اقبال کی فکر میں عشق کا بہت بڑا مقام ہے۔ ان کے نزدیک عشق صرف محبت کا نام نہیں، عشق ایک جذبہ ہے، ایک آگ ہے جو انسان کو بدل دیتی ہے۔ عشق انسان کو ڈر سے نکال کر یقین تک لے جاتا ہے۔ وہ کہتے ہیں۔

ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں

ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں

یعنی منزل یہیں ختم نہیں ہوتی۔ انسان کو رکنا نہیں ہے، تھکنا نہیں ہے بس جب تک سانس ہے اسے کوشش کرنی ہے۔

اقبال نے ہمیں شکوہ بھی دیا اور جوابِ شکوہ بھی دیا۔ شکوہ میں مسلمان اللّٰہ سے شکایت کرتا ہے کہ ہم نے تو سب کچھ کیا پھر بھی ہم پیچھے کیوں ہیں؟ اور جوابِ شکوہ میں اللّٰہ کی طرف سے جواب آتا ہے کہ تم نے اپنے عمل کو دیکھا ہے؟ تم نے خود کو بدلا ہے؟

یہی اقبال کی اصل فکر ہے کہ پہلے خود کو بدلو پھر دنیا بدلے گی۔

اقبال کی شخصیت میں عاجزی بھی تھی اور جلال بھی تھا۔ وہ تنہائی میں بیٹھ کر قوم کے لیے روتے تھے اور محفل میں بیٹھ کر قوم کو جگاتے تھے۔ انہوں نے کبھی اپنی شاعری کو شہرت کے لیے استعمال نہیں کیا، انہوں نے اپنی شاعری کو قوم کی بیداری کے لیے استعمال کیا۔

آج ہم اقبال کو یاد تو کرتے ہیں مگر کیا ہم نے اقبال کو سمجھا ہے؟ ہم ان کے شعر تو لگاتے ہیں مگر کیا ہم ان کے پیغام پر عمل کرتے ہیں؟ یہ سوال ہر ایک کو اپنے آپ سے کرنا چاہیے۔

اقبال کا پاکستان کا خواب بھی اسی فکر کا حصہ تھا۔ وہ چاہتے تھے مسلمانوں کے پاس ایک ایسی زمین ہو جہاں وہ آزاد ہو کر اپنے دین پر عمل کر سکیں، اپنی خودی کو بلند کر سکیں۔ آج ہمیں وہ زمین تو مل گئی ہے مگر کیا ہم نے اس خواب کی حفاظت کی ہے؟

اے اقبال! تیری قوم آج پھر سوئی ہوئی ہے۔ اسے پھر تیری آواز کی ضرورت ہے۔ اسے پھر تیرے شاہین والے پیغام کی ضرورت ہے۔

میری دعا ہے کہ اللّٰہ ہمیں اقبال کو صرف 9 نومبر کو یاد کرنے والا نہ بنائے؛ بلکہ ان کی فکر کو اپنی زندگی میں اتارنے والا بنائے۔ ہم اپنے بچوں کو اقبال کے شعر سنائیں، ان کو بتائیں کہ تم ہارنے کے لیے پیدا نہیں ہوئے، تم جیتنے کے لیے پیدا ہوئے ہو۔

اقبال زندہ ہے، اس لیے کہ اس کی فکر زندہ ہے۔ جب تک ایک بھی دل میں خودی کی چنگاری باقی ہے، جب تک ایک بھی نوجوان آسمان کی طرف دیکھ کر پرواز کا خواب دیکھتا ہے، اقبال زندہ رہے گا۔

تو شاہیں ہے، پرواز ہے کام تیرا

تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں

اللّٰہ تعالیٰ ہمیں اقبال کے پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔