منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اینکر ربیعہ احسن کے قتل پر وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کا اہم بیان جاری

tarar ata

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ مقتولہ اینکر ربیعہ احسن گھریلو تشدد کا شکار رہیں اور ان کے حوالے سے انصاف کے تمام تقاضے ہر صورت پورے کیے جائیں گے-


عطا تارڑ نے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 92 نیوز کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کے بہیمانہ قتل پر بڑا افسوس اور دکھ ہے،یہ واقعہ انتہائی قابل مذؐت ہے اس واقعے کی مکمل تحقیقات ہوں گی قانون حرکت میں آئے گا ایف آئی آر درج ہو ئی ہے انویسٹیگیشن کے مراضل شفاف طریقے سے چلیں گے یہ بہت افسوسناک واقعہ ہوا ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے ہم بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے-


انہوں نے کہا کہ معلوم ہوا ہے وی ڈومیسٹک وائلنس کا شکار رہیں اور انویسٹیگیشن میں تمام پہلوؤں کو دیکھا جانا چاہیئے اور اس میں یہ دیکھنا چاہیئے کہ ان کے اوپر کیا تشدد ہوتا رہا اور وہ کس کرب سے گزرتی رہیں اس معاملے میں شفاف تحقیقات کے حوالے سے حکومت بھی اپنا کردار بھر پور نبھائے ھی-


وزیر اطلاعات نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ خواتین پر تشدد یا گھریلو ناچاقی کے نام پر ظلم کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا اور حکومت ربیعہ احسن کے کیس میں قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنائے گی۔


دوسری جانب ربیعہ احسن کے قتل کے معاملے میں پولیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابتدائی تفتیش میں واقعے کو حادثاتی طور پر گولی چلنے کا نتیجہ قرار دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق تاحال غیرت کے نام پر قتل کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، جبکہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے۔


ذرائع کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ربیعہ احسن کے اہلخانہ واقعے کو حادثہ سمجھتے ہیں اور ابتدائی طور پر قتل کا مقدمہ درج کرانے پر بھی رضامند نہیں تھے۔ واقعے کے وقت میاں بیوی الماری سے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے نکال رہے تھے کہ اسی دوران الماری میں موجود ایک پستول سامنے آگیا اور اچانک گولی چل گئی۔


ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ربیعہ احسن کو صرف ایک گولی لگی، جو گردن کے نیچے سامنے کی جانب سے جسم میں داخل ہوئی اور کمر سے باہر نکل گئی، پولیس نے واقعے کے سلسلے میں گھر میں کام کرنے والے 15 سالہ ملازم سے بھی پوچھ گچھ کی، جسے تقریباً دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے اسے واپس گھر بھیج دیا ہے۔


پولیس ذرائع کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والے پستول اور جائے وقوعہ سے ملنے والے گولی کے خول کو مزید فرانزک تجزیے کے لیے لاہور بھجوایا گیا ہے فرانزک رپورٹ سے یہ تصدیق ہوگی کہ آیا برآمد ہونے والا پستول ہی فائرنگ کے واقعے میں استعمال ہوا تھا یا نہیں۔


دوسری جانب پولیس کی تفتیشی ٹیم آج دوبارہ جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی اور واقعے سے متعلق شواہد کا جائزہ لے گی،واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور حتمی نتیجہ فرانزک رپورٹ سمیت دیگر شواہد سامنے آنے کے بعد ہی اخذ کیا جائے گا۔