منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سپریم کورٹ نے قتل کے ملزم کو دوبارہ جیل بھیج دیا


سپریم کورٹ نے عدالت نے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم گل نواب کو 9 سال قید کاٹنے کے بعد رہائی پر دوبارہ جیل بھیج دیا-


جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے ملزم گل نواب کی بریت سے متعلق کیس کی سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے ملزم کی 9 سال بعد رہائی پر سوالات اٹھائے اور خیبرپختونخوا کے ہوم سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات کو بھی طلب کیا۔


وکیل درخواست گزار شبیر حسین گگیانی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کو قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم اچھے رویے اور صدارتی معافی کے باعث مجموعی طور پر 16 سال کی سزا معاف ہوئی، جس کے بعد وہ 9 سال قید مکمل کرکے رہا ہوگیا۔


وکیل نے ملزم کو دوبارہ جیل بھیجنے کے عدالتی فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں کا حوالہ بھی دیا جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ قتل کا ملزم صرف 9 سال بعد جیل سے باہر آجائے؟ عدالت پہلے ہی طے کرچکی ہے کہ عمر قید کی کم سے کم مدت 15 سال ہوگی،قتل کریں گے تو جیل بھی جانا پڑے گا، چاہے ایک قتل ہو یا چار، پشاور ہائیکورٹ تمام سزائیں بیک وقت سنا دیتی ہے۔


وکیل شبیر حسین گگیانی نے کہا کہ پہلے وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کی اور اب سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد صوبے کی جیلوں میں بھی ایمرجنسی کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے اس فیصلے کے باعث ہزاروں قیدیوں کی سزائیں مکمل ہونے کے باوجود رہائی رک گئی ہے۔


اس پر جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیے کہ اگر وکیل کے بقول عدالت کے فیصلے سے ناانصافی ہوئی ہے تو اس کی پوری ذمہ داری عدالت لینےکو تیار ہے،جسٹس اشتیاق ابراہیم نے وکیل کو فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت اس کا جائزہ لے لے گی، جبکہ جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ پہلے ہی بتا دیتے ہیں کہ نظرثانی کی درخواست بھی مسترد سمجھیں۔


جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ اگر ریاست اسی طرح سزائیں معاف کرتی رہی تو مقتولین کے ورثا کے حقوق کا کیا ہوگا؟ قاتل کی سزا معاف کرنے کا حق مقتولین کے ورثا کا ہے ایسا نہیں ہوسکتا کہ سزاؤں پر عمل درآمد کا اختیار بھی انتظامیہ اپنے ہاتھ میں لے لے۔


جسٹس ہاشم کاکڑ نے خیبرپختونخوا میں قتل کے مقدمات میں سزا سنائے جانے کی شرح صرف ایک سے 2 فیصد ہونے کا بھی ذکر کیا اور ریمارکس دیے کہ صوبے میں تو ہر طرف ظلم ہی ظلم ہےوکیل کے پیش کردہ عدالتی فیصلوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان فیصلوں کو چھوڑیں، جہاں ہم کھڑے ہوں، لائن وہیں سے شروع ہوتی ہے۔


عدالت نے قرار دیا کہ صدارتی معافی یا اچھے رویے کی بنیاد پر بھی عمر قید کی سزا 15 سال سے کم نہیں ہوسکتی، سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔