نجی آئل کمپنی کی پائپ لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا کروڈ آئل چوری ہونے کا انکشاف

چکری روڈ رنیال کے قریب نجی آئل کمپنی کی مین سپلائی لائن سے کروڑوں روپے مالیت کا کروڈ آئل چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موقع سے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ زیرزمین ٹینک سے ایک ہزار 431 لیٹر کروڈ آئل بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے پی او ایل کی مین سپلائی لائن کے قریب ایک مکان کرائے پر لے رکھا تھا، جہاں سے تیل چوری کرنے کے لیے سرنگ کھودی اور 181 فٹ طویل زیرزمین پائپ لائن بچھا رکھی تھی۔ ملزمان نے کمپنی کی ہائی پریشر سپلائی لائن میں کلپ لگا کر پائپ منسلک کیا ہوا تھا۔
پولیس نے موقع سے ممتاز، شوکت اور اکرام نامی تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ مقدمے کے مطابق مین سپلائی لائن سے مجموعی طور پر ایک ہزار 100 بیرل کروڈ آئل چوری کیا گیا، جس کی مالیت 2 کروڑ 32 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔
پولیس نے سینئر ایگزیکٹو ایڈمن پی او ایل شاہد احمد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر میں مکان کے نگران شاہ محمد سمیت ساجد، اختر، حفظ الرحمان اور زاہد کو بھی تیل چوری میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں





