منگل، 10 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ماچس کا مقدمہ ، تحریر: ڈاکٹر شجاع اختر اعوان

نقطہ نظر

آج سے تین عشروں سے بھی قبل کا واقعہ ہے۔ ان دنوں ہمارے گاؤں میں بجلی نہیں تھی، مگر گھروں میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر ایسی گرما گرمی ضرور ہوتی تھی کہ بجلی کی کمی محسوس نہیں ہوتی تھی۔ یہ واقعہ بھی ایک ایسی ہی گرما گرم بحث کا ہے جس کا آغاز ایک معمولی سی ماچس کی گمشدگی سے ہوا، مگر انجام ایسا نکلا کہ ماچس تو مل گئی، البتہ مسئلہ پہلے سے زیادہ سلگ اٹھا۔

ہمارے ایک عزیز، جو عمر میں مجھ سے بڑے تھے، ایم اے کے امتحانات کی تیاری کے سلسلے میں حجرے میں مقیم تھے۔ امتحانات سر پر تھے اور موصوف کو فکر بھی کچھ زیادہ ہی لاحق تھی۔ ہمارے ہاں بعض طلبہ کی ایک دلچسپ عادت ہوتی ہے کہ جب تک رول نمبر سلپ جاری نہ ہو، کتابوں کو ہاتھ لگانا بھی گوارا نہیں کرتے، لیکن جونہی رول نمبر سلپ ہاتھ میں آتی ہے، امتحان ان کے سر پر سوار ہو جاتا ہے۔ ہمارے یہ عزیز بھی اسی قبیل سے تعلق رکھتے تھے۔ میں زیادہ تر ان کے ساتھ ہی ہوتا تھا۔ گھر قریب تھا، اس لیے ان کے لیے چائے پانی اور کھانا لے آتا۔ وہ امتحان کی تیاری میں مصروف رہتے اور میں کسی اخبار یا رسالے کے مطالعے میں وقت گزار لیتا۔

ان دنوں ہمارے گاؤں میں بجلی کی سہولت میسر نہیں تھی۔ حجرے کے ساتھ دائیں بائیں گھر آباد تھے اور ان کی دیواریں بھی حجرے کی دیواروں سے ملی ہوئی تھیں۔ ایک روز عصر کا وقت تھا۔ ہم دونوں اپنے اپنے مشاغل میں مصروف تھے کہ اچانک ساتھ والے گھر سے ایک بزرگ جو تمباکو نوشی کے برسوں سے عادی تھے کی آواز بلند ہوئی ’’میری ماچس کس نے اٹھائی ہے؟‘‘ وہ غالباً حقے میں تمباکو بھر چکے تھے اور اب صرف ماچس کی تلاش باقی تھی۔ دوسری طرف سے ایک لڑکی کی آواز آئی: ’’ابا! ہم نے ماچس نہیں اٹھائی۔‘‘ بزرگ نے قدرے یقین کے ساتھ جواب دیا: ’’نہیں، ماچس ابھی یہیں تھی۔ میں نے خود تمباکو کی گتھی سے نکال کر یہاں رکھی تھی۔‘‘ اس کے بعد بزرگ کی اہلیہ کی آواز بلند ہوئی: ’’آپ بھول رہے ہیں، یہاں کوئی ماچس نہیں تھی۔ نہ ہم نے دیکھی ہے اور نہ کسی نے اٹھائی ہے۔‘‘

بس پھر کیا تھا، ماچس کی تلاش نے باقاعدہ ایک گھریلو مقدمے کی شکل اختیار کر لی۔ بزرگ اپنی بات پر قائم تھے کہ ماچس یہیں رکھی تھی، جبکہ بیوی، بیٹیاں اور بیٹا یک زبان ہو کر یقین دلا رہے تھے کہ انہوں نے ماچس کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔ بات بڑھتی گئی، آوازیں بلند ہوتی گئیں اور ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوششیں جاری رہیں۔ آدھا گھنٹہ گزر گیا، لیکن ماچس کا سراغ نہ ملا۔ بزرگ کسی صورت اپنی یادداشت پر شک کرنے کو تیار نہیں تھے اور گھر والے اپنی بے گناہی ثابت کرنے پر تلے ہوئے تھے۔

ہمارے عزیز کا اگلے روز امتحان تھا۔ وہ کتاب سامنے کھولے بیٹھے تھے، مگر ان کی توجہ کتاب سے زیادہ ماچس کے مقدمے پر تھی۔ میں بھی اخبار چھوڑ کر اس دلچسپ مکالمے کا مستقل سامع بن چکا تھا۔ حجرے اور گھر کی دیواریں ملی ہوئی تھیں، اس لیے وہاں ہونے والی ہر بات ہمارے کانوں تک صاف پہنچ رہی تھی۔ امتحان کی تیاری اپنی جگہ، مگر ماچس کے اس مقدمے میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ دلچسپی بڑھتی جا رہی تھی۔

ابھی یہ بحث جاری تھی کہ اچانک میرے ذہن میں ایک ترکیب آئی۔ میں نے اپنے عزیز سے کہا: ’’میرے پاس اس مسئلے کا ایک آسان حل ہے۔‘‘ انہوں نے فوراً کتاب سے نظریں اٹھائیں اور پوچھا: ’’وہ کیا؟‘‘ میں نے کہا: ’’ہمارے پاس ماچس کی ڈبی موجود ہے۔ کیوں نہ اسے ان کے گھر پھینک دیا جائے؟ ممکن ہے ان کے پاس دوسری ماچس نہ ہو۔ جونہی ماچس ملے گی، بزرگ اپنا حقہ سلگا لیں گے اور یہ قصہ ختم ہو جائے گا۔‘‘ میرے عزیز کو یہ تجویز بہت پسند آئی۔ شاید انہیں بھی امتحان کی تیاری سے زیادہ اس بحث کے خاتمے کی فکر لاحق ہو چکی تھی۔

میں نے ماچس کی ڈبی اٹھائی اور مناسب موقع دیکھ کر دیوار کی دوسری طرف پھینک دی۔ اتفاق دیکھیے کہ ماچس سیدھی وہاں جا گری جہاں بزرگ کا حقہ اور تمباکو رکھا ہوا تھا۔ زمین پر کسی چیز کے گرنے کی آواز آئی تو بزرگ نے فوراً ادھر دیکھا۔ ماچس پر نظر پڑتے ہی اسے اٹھا لیا۔ ہمیں بھی اطمینان ہوا کہ چلو، اب یہ قضیہ ختم ہوا۔ بزرگ کو ماچس مل گئی، حقہ بھی تیار تھا اور ہم بھی دوبارہ اپنے اپنے کام میں لگ سکیں گے۔ ہم نے دل ہی دل میں اپنی دانش مندی کو داد دی کہ ایک معمولی سی ترکیب سے آدھے گھنٹے سے جاری مسئلہ حل کر دیا۔

لیکن ہماری خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ جیسے ہی بزرگ نے ماچس ہاتھ میں پکڑی، گھر والوں کی طرف سے آوازیں آنا شروع ہو گئیں: ’’دیکھا! ہم نہ کہتے تھے کہ ماچس آپ کے پاس ہی پڑی ہوگی؟ آپ بلاوجہ ہمیں پریشان کر رہے تھے۔ اب عمر بھی ہو گئی ہے، ہر چیز بھول جاتے ہیں اور الزام دوسروں پر لگا دیتے ہیں۔‘‘ ہم نے سوچا کہ اب بزرگ شرمندہ ہوں گے، اپنی غلطی تسلیم کریں گے اور معاملہ ختم ہو جائے گا۔ مگر بزرگ نے ماچس ہاتھ میں پکڑے پکڑے ایک ایسا جواب دیا کہ ہماری ساری امیدوں پر پانی پھر گیا۔

غصے سے گھر والوں کو مخاطب کرتے ہوئے بولے: ’’ماچس تم لوگوں کے پاس ہی تھی، تم نے ہی یہاں پھینکی ہے۔ میں پہلے ہی کہہ رہا تھا کہ ماچس تمہارے پاس ہے۔ اب دیکھ لو، میری بات سچ ثابت ہو گئی نا! ایک چوری، اوپر سے سینہ زوری! تم نہیں چاہتے کہ میں حقہ پیوں۔ میں آج ہی چھچھ کا تمباکو لے کر آیا تھا۔ تم نے ماچس چھپا کر میرا سارا مزہ خراب کر دیا، میرا نشہ مار دیا۔ یہ ماچس یہاں خود بخود تو نہیں آ گئی، تم ہی میں سے کسی نے پھینکی ہے!‘‘

بزرگ کا یہ مؤقف سن کر ہم دونوں ایک دوسرے کا منہ دیکھنے لگے۔ ہماری تو نیت صرف یہ تھی کہ ماچس مل جائے تو بزرگ کا حقہ بھی جل جائے اور گھر کا ماحول بھی خوشگوار ہو جائے، لیکن یہاں تو ماچس ملنے کے بعد ایک نیا مقدمہ کھل گیا تھا۔ اب بحث کا موضوع ماچس کی گمشدگی نہیں بلکہ اس کی دوبارہ آمد بن چکا تھا۔ گھر والے کہتے تھے کہ ماچس آپ کے پاس ہی تھی، جبکہ بزرگ کا اصرار تھا کہ اسے کسی نے جان بوجھ کر پھینکا ہے تاکہ انہیں حقہ پینے سے محروم رکھا جا سکے۔ ہماری طرف سے پھینکی گئی ماچس نے بزرگ کے شک کو مزید تقویت دے دی تھی۔ ہم نے جس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی تھی، وہ پہلے سے کہیں زیادہ الجھ چکا تھا۔

ایک گھنٹے سے زائد بحث و تکرار کے بعد بھی نہ بزرگ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار تھے اور نہ گھر والے اپنی بے گناہی ثابت کرنے سے باز آ رہے تھے۔ ہماری ترکیب کا نتیجہ یہ نکلا کہ ماچس تو مل گئی، مگر مقدمہ ختم ہونے کے بجائے ایک نئی سماعت شروع ہو گئی۔ ہم اپنی دانش مندی پر پہلے ہی پشیمان تھے کہ اچانک مغرب کی اذان بلند ہوئی۔ اذان کی آواز سنتے ہی ماچس کا مقدمہ، فریقین کے دلائل اور ایک دوسرے پر الزامات سب یکایک خاموش ہو گئے۔ یوں ایک ماچس کی تلاش میں شروع ہونے والا قصہ اذانِ مغرب پر اپنے اختتام کو جانے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، بلکہ اصل مسئلہ تو اس کے ملنے کے بعد شروع ہوتا ہے!