ہم اور ہماری سوچ کا زاویہ، تحریر:عظمیٰ شیخ
نقطہ نظراکثر محفلوں میں یہ شکوہ سنائی دیتا ہے کہ عہد بدل گیا، لوگ بدل گئے، رشتے ماند پڑ گئے۔ لیکن کبھی ہم نے ٹھہر کر خود سے یہ پوچھا ہے کہ آیا زمانہ واقعی تبدیل ہوگیا یا ہمارا نکتہ نظر تبدیل ہو گیا ہے؟
حقیقت یہ ہے کہ کائنات اپنی جگہ قائم ہے۔ سورج اسی طرح طلوع ہوتا ہے، شام اسی طرح ڈھلتی ہے، بارش اسی طرح برستی ہے بس فرق صرف طرز مشاہدہ میں آتا ہے اور جب مشاہدے کا رخ بدلتا ہے تو پوری تصویر بدل جاتی ہے۔
فلسفے میں ایک مشہور تمثیل ہے کہ ایک ہی کوہ کو چار مختلف سمتوں سے دیکھنے والے چار جداگانہ خاکے بنائیں گے۔ ایک اس کی بلندی کا ذکر کرے گا دوسرا اس کی وسعت کا، تیسرا اس کے سبزے کا چوتھا اس کے بنجر پن کا ان میں درست کون ہے؟ جواب یہ ہے کہ سب درست ہیں اور سب نامکمل ہیں۔ ہماری حیات بھی اسی کوہ کی مانند ہے۔
ماہرین نفسیات کہتے ہیں کہ ذہن روزانہ ہزاروں خیالات سے گزرتا ہے اور ان میں سے بیشتر وہی ہوتے ہیں جو گزشتہ روز تھے۔ ہم نے اپنے گرد فکر کی ایسی دیواریں کھڑی کر لی ہیں کہ ان سے باہر جھانکنا ہمیں خطرہ محسوس ہوتا ہے۔ جو بات بچپن میں سکھائی گئی وہی ہمارے لیے حرف آخر بن جاتا ہے۔
یہی سبب ہے کہ ایک ہی چھت تلے پرورش پانے والے دو بھائی دو الگ جہان میں رہتے ہیں۔ ایک کو والدین کی سختی یاد رہتی ہے، دوسرے کو ان کی شفقت ایک کو بچپن کی تنگی نے پختہ کر دیا دوسرے کو اسی تنگی نے شکوہ سنج بنا دیا۔ واقعہ ایک مشاہدے دو ہیں۔
لطیفہ یہ ہے کہ ہر شخص اپنے آپ کو کشادہ ذہن کا سمجھتا ہے۔ کسی سے پوچھیں کہ کیا آپ تنگ نظر ہیں تو وہ مسکرا کر کہے گا، میں تو سب سے زیادہ روشن خیال ہوں۔ لیکن جیسے ہی کوئی اس کی رائے سے اختلاف کرے اس کی روشن خیالی کا چراغ فورا بجھ جاتا ہے۔ وہ سننے کے لیے نہیں سنتا جواب دینے کے لیے سنتا ہےـ
اصل خرابی لوگوں میں نہیں ہمارے انداز نظر میں ہے۔ ہم نے فکر کو عینک کی طرح پہن رکھا ہےـ یہ بھول گئے ہیں کہ عینک کا شیشہ کبھی دھندلا بھی ہو سکتا ہے، جب شیشہ دھندلا ہو تو منظر دھندلا نظر آتا ہے اور ہم کائنات کو الزام دیتے ہیں۔
نکتہ نظر بدلنا کوئی بڑی سائنس نہیں یہ ایک چھوٹی سی مشق ہے۔ کسی کی بات کو رد کرنے سے پہلے یہ سوچ لیں کہ اگر میں اس کی جگہ ہوتی تو کیا خیال کرتی؟ کسی کے غصے کو اس کی بدتمیزی نہ سمجھیں شاید وہ تھکا ہوا ہو شاید وہ رنجیدہ ہو شاید وہ برسوں سے اپنی بات کہنا چاہ رہا ہے اور کسی نےاس کی بات نہیں سنی ہوـ
تاریخ گواہ ہے کہ عظیم لوگ وہ نہیں تھے جن کے پاس زیادہ معلومات تھیں، عظیم وہ تھے جن کا ظرف بڑا تھا۔ مولانا رومی نے فرمایا تھا کہ تم جس طرح دیکھتے ہو ویسے ہی بن جاتے ہو۔ اگر ہم شک، حسد اور نفرت کی عینک سے دیکھیں گے تو معاشرہ ہمیں دشمنوں سے بھرا لگے گا۔ اور اگر ہم محبت، درگزر اور سمجھ داری کی عینک سے دیکھیں گے تو وہی معاشرہ ہمیں اپنوں سے بھرا لگے گا۔
ہمارے گھروں میں آج سب سے بڑا جھگڑا نسل کا نہیں طرز فکر کا ہے۔ بڑے کہتے ہیں کہ بچے نافرمان ہو گئے ہیں ـ بچے کہتے ہیں کہ بڑے سمجھتے نہیں, دونوں اپنی جگہ درست ہیں ـ
دونوں ہی ایک دوسرے کے موقف سے دیکھنے کو تیار نہیں بڑوں کو موبائل میں خرابی نظر آتی ہے ـ بچوں کو اسی موبائل میں علم نظر آتا ہے۔ اگر ہم تھوڑا سا رخ بدل لیں تو یہی آلہ جھگڑے کی وجہ نہیں گفتگو کا ذریعہ بن جائے گا۔
آئیے؛ آج ایک عہد کریں۔ کسی کو غلط کہنے سے پہلے ایک لمحہ رکیں گے۔ اپنی رائے کو حرف آخر نہیں سمجھیں گے کسی کی بات کو مکمل سنیں گے, اپنے بچوں کی بات بھی سنیں گے، اپنے بزرگوں کی دانائی کو سمجھیں گے۔ کیونکہ جب طرز فکر بدلتا ہے تو رشتے اور گھر بچ جاتے ہیں، اور سب سے بڑھ کر انسان کا اپنا سکون بچ جاتا ہے۔
ہم جس رخ سے مشاہدہ کرتے ہیں وہی ہمارا سچ بن جاتا ہے۔ اسی لیے ایک ہی واقعہ کسی کے لیے سبق بنتا ہے اور کسی کےلیے شکوہ۔ ہماری سوچ کی یہی تنگی ہمیں ایک دوسرے سے دور کر دیتی ہے، حالانکہ تھوڑی سی وسعت ہمیں قریب کر سکتی ہے۔
آخر میں بس اتنا ہی کہوں گی ہمارے بس میں دنیا بدلنا ممکن نہیں بس اپنےدیکھنے کا رخ بدلنا ہی ہمارے بس میں ہے۔ اور جو شخص اپنا رخ بدل لیتا ہے، اس کا جہان خود بخود بدل جاتا ہے۔ لوگوں کو نہیں اپنی سوچ کو بدلیے۔
مزید پڑھیں




