ملتان: 15 سالہ یتیم لڑکے کو گاڑی سے کچلنے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

ملتان میں مبینہ طور پر جبری مشقت سے انکار پر 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کو کار کے نیچے کچل کر قتل کرنے والا مرکزی ملزم توقیر نذیر بہاولپور کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس کے مطابق عدالتی ریمانڈ کے دوران فرار ہونے والا ملزم ناردرن بائی پاس کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے جان کی بازی ہار گیا، جبکہ اس کا نامعلوم ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا, ملزم توقیر کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا تھا، جہاں سے وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔
https://x.com/Asadrchaudhry/status/2112722132463452661?s=20
پولیس نے بہاولپور کے ناردرن بائی پاس پر مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں توقیر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔
دوسری جانب مقتول کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں تصدیق کی گئی ہے کہ متوفی کی موت سر پر شدید چوٹ لگنے اور دماغ کو پہنچنے والے نقصان کی بناء پر ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق لڑکے کا پورا جسم، بالخصوص سر اور چہرے کا بایاں حصہ شدید متاثر ہوا جبکہ اوپری جبڑے اور ناک کی ہڈیاں بھی ٹوٹی ہوئی پائیں گئیں نشتر اسپتال ملتان میں تیار کی گئی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ وسیم عباس کے جسم پر متعدد زخموں اور چوٹوں کی نشان دہی ہوئی ہے، جن میں دائیں گھٹنے پر خراش کا نشان بھی شامل ہے تمام چوٹیں موت واقع ہونے سے قبل کی ہیں اور متوفی کی موت 19 اکتوبر کو شام 4 بج کر 40 منٹ پر ہوئی، جس کے بعد اسی رات 9 بج کر 55 منٹ پر پوسٹ مارٹم کا عمل شروع کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت میں پیشی کے دوران شدید عوامی اشتعال اور وکلاء کی جانب سے بھی ملزم پر تشدد کا واقعہ پیش آیا تھا منگل کو ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کو کام چھوڑ کر جانے اور جبری مشقت سے انکار پر تیز رفتار گاڑی سے کچل کر قتل کر دیا گیا تھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے آنے کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کیا تھا، جبکہ مقتول کی نمازِ جنازہ اور تدفین ان کے آبائی علاقے مظفرگڑھ میں ادا کی گئی تھی جہاں ورثا اور فلاحی ادارے کی جانب سے سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا تھا،مفرور ملزم کے فرار اور اس کے مبینہ ساتھی کی تلاش کے لیے مختلف زاویوں سے مزید تفتیش اور کارروائی جاری ہے۔





