بدھ، 21 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آج جاری کرنے کا حکم


الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا معاملہ نمٹاتے ہوئے بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے کا حکم دے دیا۔


الیکشن کمیشن نے آج ہی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کی ہدایت بھی کردی, اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کی، جس میں سیکریٹری داخلہ اور الیکشن کمیشن کے حکام پیش ہوئے۔


سماعت کےدوران الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال ملک نے بتایا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 6 مرتبہ حلقہ بندیاں کی جا چکی ہیں،جبکہ 4 مرتبہ انتخابی شیڈول بھی جاری کیا گیاآخری انتخابی پروگرام9 اکتوبر 2026 کو جاری کیاگیا تھا، جس کے تحت فروری 2026 میں پولنگ ہونا تھی۔


اسپیشل سیکریٹری کے مطابق وفاقی حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق آرڈیننس جاری کیا، جس کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل جاری تھا، تاہم 6 ستمبر کو آرڈیننس کی مدت ختم ہوگئی,ڈیٹا اور نقشے حاصل کرلیے گئے ہیں اور 14 اکتوبر کو حتمی حلقہ بندیاں بھی شائع ہوچکی ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ وزارت داخلہ کو 2 مرتبہ یاددہانی کے مراسلے بھیجے گئے اور آرڈیننس کی مدت ختم ہونے سے بھی آگاہ کیا گیا، لیکن اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کےقواعد تاحال فراہم نہیں کیےگئےوزارت قانون نےقواعد کی جانچ پڑتال کرنےسےبھی انکارکردیا ہےجبکہ وفاقی حکومت نے ابھی تک نیا بلدیاتی قانون نہیں بنایا۔


ظفر اقبال ملک نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ اسلام آباد میں موجود 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت انتخابات کرانے کی اجازت دی جائے اس موقع پر سیکریٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ اسپیشل سیکریٹری کی جانب سے پیش کیے گئے حقائق درست ہیں، تاہم اگر انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرائے گئے تو اب تک کی کارروائی ختم کرنا پڑے گی۔


چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیے کہ اگر 2015 کے قانون کے تحت انتخابات کرائے جائیں تو حلقہ بندیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا,انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ، سیکریٹری داخلہ اور چیف کمشنر سمیت وزرا کی کمیٹی نے یقین دہانی کرائی تھی، لیکن اس کے باوجود معاملہ حل نہیں ہوا۔


چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی جبکہ آئین میں واضح ہے کہ بلدیاتی انتخابات متعلقہ قانون کے مطابق ہونے چاہییں۔


تاہم حکومت کی جانب سے قانون سازی اور قواعد کی فراہمی میں تاخیر کے باعث الیکشن کمیشن اب مجبور ہوکر حکم جاری کر رہا ہے, بعداز اں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نےمختصرحکمنامہ پڑھ کر سنایا،جسمیں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت کرانے اور آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔