برطانوی پولیس نے ایران کیلئے جاسوسی کے شبے میں 2 افراد دوبارہ گرفتار کر لئے

برطانوی پولیس نے ایران کی انٹیلیجنس سروس کی معاونت کے شبے میں 2 افراد کو دوبارہ گرفتار کرلیا ہے-
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، گرفتار افراد میں 24 سالہ برطانوی شہری اور 25 سالہ دوہری شہریت کے حامل برطانوی ایرانی شہری شامل ہیں دونوں کو برطانیہ کے قومی سلامتی ایکٹ کے تحت غیر ملکی انٹیلیجنس سروس کی معاونت کے شبے میں دوبارہ حراست میں لیا گیا ہے ,دونوں افراد پر شبہ ہے کہ وہ انگلینڈ میں امریکی زیرِ استعمال فضائی اڈے کے قریب پیش آنے والے واقعے سے متعلق تحقیقات میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
یہ معاملہ 27 ستمبر کو گلوسٹرشائر میں واقع رائل ایئر فورس کے فضائی اڈے فیئرفورڈ کے قریب پیش آنے والے واقعے سے متعلق ہےپو]لیس کو اطلاع ملی تھی کہ اڈے کے قریب 3 مشتبہ وین موجود ہیں۔ بعد ازاں ان گاڑیوں سے آتش گیر مادہ، یعنی پیٹرول، ملنے کی تصدیق ہوئی، تاہم دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد علاقے کے رہائشیوں کو عارضی طور پر گھروں سے نکلنے کی ہدایت بھی دی گئی تھی۔
برطانوی انسدادِ دہشتگردی پولیس کے سربراہ لارنس ٹیلر نے کہا ہے کہ تحقیقات انتہائی پیچیدہ ہیں اور حکام کے نزدیک ایرانی ریاست کے ملو ث ہونے کا قوی امکان ہےتفتیش کار یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ممکنہ ایرانی مداخلت کس نوعیت کی تھی اور اس کے پیچھے کیا مقصد تھا۔
رپورٹ کے مطابق، اس معاملے میں اب تک 7 افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، تاہم کسی پر باضابطہ فردِ جرم عائد نہیں کی گئی ایران نے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے، جبکہ برطانوی حکام کی تحقیقات جاری ہیں-





