Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اداکارہ میرا سے تفتیش، کینیڈا سے ڈی پورٹ کردی گئیں


معروف پاکستانی اداکارہ میرا کو کینیڈین امیگریشن حکام نے نیاترا بارڈر پر روک کر کئی گھنٹے تک تفتیش کے بعد واپس امریکا بھیج دیا ہے۔


نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ نیویارک سے ایک شو میں شرکت کے لیے کینیڈا جا رہی تھیں جب انہیں حراست میں لیا گیا۔


اس سے قبل میرا نے کیلگری کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہوں نے اپنی فلم سائیکو کی پرموشن کی اور اسٹیج پر پرفارمنس بھی دی کینیڈین حکام کی جانب سے اس تازہ ترین امیگریشن اقدام کی کوئی قطعی وجہ تاحال سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔


اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ انہیں خود معلوم نہیں کہ انہیں کینیڈا سے کیوں ڈی پورٹ کیا گیا،وہ حقائق جاننے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ کینیڈین امیگریشن حکام نے ملک بدر کرنے سے قبل ان سے صرف بنیادی نو عیت کے سوالات کیے،مجھے شبہ ہے کہ شاید کسی نے میرے خلاف کوئی بدنیتی پر مبنی شکایت درج کرو ائی ہو۔


یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ میرا کو بیرون ملک امیگریشن کے شعبے میں اس طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل انہیں برطانوی امیگریشن حکام کی جانب سے برطانیہ میں داخلے سے روکا جا چکا ہے اور 10 سالہ انٹری بین کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔اگرچہ وہ 10 سالہ پابندی بعد میں ختم ہو گئی تھی لیکن میرا کو برطانوی ویزا حاصل کرنے میں مسلسل دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔


واضح رہے کہ اداکارہ میرا امریکا کا گرین کارڈ رکھتی ہیں اور ذاتی و پیشہ ورانہ مصروفیات کے سلسلے میں اکثر امریکا کا سفر کرتی رہتی ہیں-