پہلے پاکستانی خلا باز کی خلا میں روانگی، احسن اقبال چین پہنچ گئے

پاکستان کے پہلے خلا باز کو خلا میں بھیجنے کے مشن کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چین پہنچ گئے جہاں وہ پیر کوجیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں خلائی مشن کی روانگی سے متعلق تقریب میں شرکت کریں گے۔
وزارت منصوبہ بندی کے مطابق احسن اقبال شمال مغربی چین میں واقع خلائی مرکز کادورہ کریں گے، جہا ں وہ تربیت مکمل کرنے والے 2 پاکستانی خلا بازوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد سے ملاقات بھی کریں گے ان دونوں میں سے ایک کا حتمی انتخاب خلائی پرواز کے لیے کیا جائے گا، جبکہ دوسرا متبادل خلا باز ہوگا۔
پاکستانی خلا باز چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن کا دورہ کرنے والا پہلا غیر ملکی شہری ہوگا اس پیشر فت کے ساتھ پاکستان اور چین کا خلائی تعاون سیٹلائٹ لانچ کرنے سے آگے بڑھ کر انسانی خلائی سفر تک وسعت اختیار کر جائے گا۔ دونوں ممالک نےفروری 2025 میں پاکستانی خلا بازوں کی تربیت کے لیے معا ہدے پر دستخط کیے تھے۔
پاکستان کے خلائی ادارے سپارکو کے مطابق چین نے اپنے شین ژو 24 خلائی جہاز کی لانچنگ سے قبل مشق کامیابی سے مکمل کرلی ہے۔ یہ مشق جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں ہوئی، جس میں عملے کے تینو ں ارکان نے پرواز سے قبل تمام ضروری مراحل مکمل کیے۔
چین کے خلائی مسافروں کی تحقیق و تربیت کے مرکز کے عہدیدار ژو لو کے مطابق تینوں خلا بازوں نے مشترکہ مشق کے دوران بھرپور عزم کا مظاہرہ کیا اور تمام کارروائیاں کامیابی سے انجام دیں۔ شین ژو 24 خلائی جہاز اور اسے خلا میں لے جانے والا لانگ مارچ 2 ایف راکٹ 17 نومبر کو حتمی تیاریوں کے لیے لانچنگ مقام پر منتقل کیا گیا تھا، تاہم چینی حکام نے تاحال روانگی کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
منتخب پاکستانی خلا باز بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ تیانگونگ خلائی اسٹیشن جائے گا اور وہاں قریباً ایک ہفتہ قیام کے دوران سائنسی تجربات کرے گا بعد ازاں اس کی شین ژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر وا پسی متوقع ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اس پیشرفت کو قومی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے پہلے خلا باز کی خلائی پرواز پوری قوم کے لیے تاریخی لمحہ ہوگی یہ مشن پاکستانی نوجوانوں کے خوابوں کو زمین سے آگے خلا تک لے جانے کی علامت ہوگا۔
مزید پڑھیں



