پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایک شام زاہد بھائی کے نام، تحریر:زین سلیم جاجوال

نقطہ نظر

نومبر کی صبح سردی کی نرم مگر ٹھٹھرتی ہوئی چادر اوڑھے ہوئے تھی۔ فضا میں خنکی گھلی ہوئی تھی اور ہلکی ہلکی ہوا جب چہرے کو چھوتی تو بدن میں ایک خوشگوار سی لرزش دوڑ جاتی۔ سورج آسمان پر موجود تو تھا مگر اس کی دھوپ میں ابھی وہ تمازت نہیں جو سردی کی شدت کو مات دے سکے۔ موسم کی خاموشی ہوا کی مدھم سرسراہٹ اور سرد فضا کا لمس دل کو ایک عجیب سی کیفیت میں مبتلا کر رہا تھا۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے نومبر اپنی تمام تر اداسی خوب صورتی اور رومانویت کے ساتھ دھیرے دھیرے زمین پر اتر رہا ہو۔نومبر کی اس رومان پرور صبح کو مزید دل نشیں اور یادگار بنانے میں دو شخصیات نے اہم کردار ادا کیا جن میں شیخ عبدالرشید اور رائے فصیح اللہ جرال شامل ہیں۔ صبح تقریباً دس بجے دو احباب فصیح اللہ جرال اور شیخ عبدالرشید تشریف لائے۔ ان دونوں دوستوں نے آ کر دستک دی مجھے نیند سے بیدار کیا اور پھر اپنے ہمراہ گاڑی میں بٹھا لیا۔ ہمارا رخ مرالہ گجراں کی جانب تھا جہاں ہمیں محمد زاہد اکرم صاحب کے کتب خانے میں حاضری دینی تھی۔ یوں نومبر کی اس خنک صبح کا آغاز ایک خوب صورت ملاقات دوستانہ رفاقت اور علم و ادب کی ایک نئی منزل کی طرف سفر سے ہوا۔

تقریباً گیارہ بجے کے قریب ہم گاؤں جاجووال سے رخصت ہوئے اور مرالہ گجراں کی جانب اپنا رخ کر لیا۔ نومبر کی خنک فضا ہلکی ہلکی ہوا اور دوستوں کی رفاقت نے سفر کے لطف کو دوبالا کر دیا تھا۔ راستے بھر گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ شیخ عبدالرشید صاحب تاریخی مقامات قدیم آبادیوں اور تاریخی شخصیات کے حوالے سے مستند کتابوں کے حوالہ جات پیش کرتے ہوئے ہمیں معلومات سے نوازتے رہے۔ ان کی گفتگو محض واقعات کا بیان نہیں تھی بلکہ تاریخ کے مختلف گوشوں کو سمجھنے اور ان کے باہمی تعلق کو جاننے کا ایک خوب صورت ذریعہ تھی۔ یوں یہ سفر محض ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنے کا ذریعہ نہیں رہا بلکہ راستے ہی میں ایک مختصر تاریخی درس گاہ کی صورت اختیار کر گیا۔ تقریباً بارہ بجے کے قریب ہم گاؤں مرالہ گجراں پہنچے، جہاں محمد زاہد اکرم صاحب ہماری آمد کے منتظر تھے۔ زاہد بھائی بڑی محبت اور خلوص سے ملے

ان سے ملاقات کے بعد جب ہم ان کے کتب خانے میں داخل ہوئے تو وہاں ایک اور کتاب دوست شخصیت، مچھیانہ لائبریری کے سرپرست مجاہد صاحب بھی تشریف فرما تھے۔ کتابوں سے محبت کرنے والوں کی یہ محفل دیکھ کر طبیعت میں ایک خاص مسرت پیدا ہوئی۔ یوں محسوس ہوا جیسے ہم کسی عام گھر میں نہیں بلکہ علم و ادب کے ایک ایسے گوشے میں داخل ہوئے ہیں جہاں کتابیں محض الماریوں کی زینت نہیں بلکہ زندگی کا اثاثہ ہیں۔

محمد زاہد اکرم صاحب ایک باذوق صاحب مطالعہ اور دانشور ادیب ہیں۔ آپ کو سیف الموک کے موضوع پر خاص علمی دسترس اور گہری واقفیت حاصل ہے۔ زاہد بھائی کی سیف الملوک سے محبت اور اس موضوع سے ان کی گہری وابستگی کا ثبوت ان کی مرتب کردہ کتاب تذکرۂ شعرائے سیف الملوک ہے جس میں انہوں نے اس موضوع سے وابستہ شعرا کا تذکرہ یکجا کیا ہے۔ محمد زاہد اکرم صاحب نے گزشتہ دو تین ہفتوں سے فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک قابلِ تحسین تحریک شروع کر رکھی ہے۔ اس تحریک کے تحت کتاب دوستوں اور کتب بینی کا شوق رکھنے والوں میں مفت کتابیں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ افضل راز صاحب کے کتب خانے کی کتابوں کو بھی اس کارِ خیر میں شامل کرتے ہوئے اہلِ ذوق تک پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ محض کتابوں کی تقسیم نہیں تھی بلکہ مطالعے کے ذوق کو زندہ رکھنے اور نئی نسل کو کتاب سے جوڑنے کی ایک مخلصانہ کاوش ہے۔ اب سوال یہ تھا کہ جہاں کتابوں کے ایسے متوالے جمع ہوں جہاں نایاب کتابیں، رسائل اور مخطوطات موجود ہوں جہاں کتابیں مفت تقسیم ہو رہی ہوں وہاں ہم جیسے کتاب کے دیوانے نہ پہنچیں یہ بھلا کیسے ممکن تھا۔سو ہم بھی زاہد بھائی کے کتب خانہ پہنچ گئے۔ ہم میں سے ہر ایک اپنے اپنے ذوق اور تلاش کا سامان لے کر اس کتب خانے تک پہنچا تھا۔ رائے فصیح اللہ جرال اپنی علمی کھوج کے سلسلے میں قدیم رسائل قیمتی کتابوں اور نادر و نایاب مخطوطات کی تلاش میں تھے۔ شیخ عبدالرشید صاحب کی نگاہ تاریخ سے متعلق کتابوں اور تاریخی حوالہ جات پر مرکوز تھی جب کہ میرے دل میں افسانوں، ناولوں اور شاعری کی کتابیں حاصل کرنے کی ایک خاموش سی آرزو مچل رہی تھی۔ کتب خانے کی فضا میں داخل ہوتے ہی دل میں ایک ہی خیال بار بار انگڑائی لینے لگا کہ آج تو کتابوں کا خوب شکار ہوگا دل ہی دل میں ایک گمان باندھ لیا تھا کہ یہاں سے خالی ہاتھ واپس جانا ممکن نہیں آج درجنوں کتابیں ساتھ لے کر ہی لوٹیں گے۔ زاہد بھائی ہماری رہنمائی کرتے ہوئے ہمیں کتب خانے سے باہر لے آئے جہاں کتابوں کے ڈھیر کے ڈھیر سجے ہوئے تھے۔ بے شمار کتابیں قرینے سے رکھی تھیں اور ہر طرف علم و ادب کے خزانے بکھرے دکھائی دیتے تھے۔ زاہد بھائی نے ازراہِ شفقت کہا کہ ان کتابوں میں سے ہر عنوان کے دو تین سیٹ آپ لے سکتے ہیں۔ پھر کیا تھا ہماری تو جیسے من کی مراد بر آئی۔ ہم نے بھی درجن سے زائد کتابیں منتخب کر لیں۔کتابوں کے انتخاب کے بعد ہم شیخ صاحب کے ساتھ گپ شپ لگانے بیٹھ گئے۔ پھر باتوں کا ایک سلسلہ چل نکلا۔ ادبی موضوعات کتابوں کے تذکرے اور علمی و فکری گفتگو نے محفل کو خوب گرمائے رکھا۔ وقت گزرنے کا احساس ہی نہ ہوا۔ شیخ صاحب نے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایسی پُرمغز اور دل نشیں گفتگو فرمائی کہ ہم پوری دل جمعی سے سنتے رہے۔ سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں حضور اکرم ﷺ سے عشق و محبت اور آپ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے بے شمار پہلوؤں پر وہ بڑی تفصیل اور عقیدت کے ساتھ روشنی ڈالتے رہے۔ ان کی گفتگو میں علم بھی تھا۔ شیخ صاحب اس قدر والہانہ انداز میں گفتگو فرما رہے تھے کہ یوں محسوس ہوتا تھا جیسے آج ہم ان کی شخصیت کا کوئی نیا ہی روپ دیکھ رہے ہوں۔ ان کے لہجے میں ایک خاص جوش، اندازِ بیان میں بلا کی تاثیر اور گفتگو میں ایسی وارفتگی تھی کہ وہ کسی عالمِ دین کی طرح عشقِ رسول ﷺ اور سیرتِ طیبہ کے مضامین پر دعوت و تبلیغ کا فریضہ انجام دیتے دکھائی دے رہے تھے۔ ان کی باتوں سے عقیدت و محبت کی جو خوشبو پھوٹ رہی تھی اس نے محفل کو ایک روحانی کیفیت سے آشنا کر دیا تھا۔ محبت بھی اور عقیدت کی ایک خاص کیفیت بھی۔ اس کے بعد گجرات کی ادبی تاریخ کا تذکرہ چھڑ گیا اور وہاں کی علمی و ادبی شخصیات کے حوالے سے باتوں کا ایک طویل سلسلہ چل نکلا۔ یوں محسوس ہوتا تھا جیسے ہم کسی محفل میں نہیں بلکہ گجرات کی ادبی تاریخ کے اوراق میں بیٹھے ہوں جہاں ہر شخصیت کے ساتھ کوئی نہ کوئی دلچسپ واقعہ اور یاد وابستہ تھی۔ گفتگو کے اسی خوش گوار سلسلے کے دوران زاہد بھائی نے جلالپور جٹاں کی مشہور خطائیاں گرم گرم چائے اور دیگر لوازمات سے ہماری تواضع کی۔ چائے کی چسکیوں خطائیوں کی لذت اور علمی و ادبی گفتگو کے امتزاج نے اس نشست کو مزید خوش گوار بنا دیا۔ اس خوب صورت اور یادگار نشست کے دوران وقت گزرنے کا احساس ہی نہ ہوا۔ باتوں کا سلسلہ ایسا دراز ہوا کہ دیکھتے ہی دیکھتے سہ پہر کے تین بج گئے۔ بالآخر ہم نے زاہد بھائی سے اجازت طلب کی اور ان کی محبتوں، خلوص اور پُرتکلف میزبانی کی خوش گوار یادیں دل میں لیے وہاں سے رخصت ہوئے۔ واپسی کا سفر شروع ہوا تو راستے میں فصیح بھائی اور شیخ صاحب مجھے جاجووال تک چھوڑنے آئے۔ وہاں مجھے الوداع کہنے کے بعد وہ خود گجرات کی جانب روانہ ہو گئے۔ یوں آج کا یہ دن اپنے دامن میں علم و ادب کی خوشبو، اہلِ علم کی محبتیں کتابوں کی رفاقت اور خلوص و اپنائیت کے بے شمار لمحے سمیٹے میرے لیے ماضی کے دریچوں میں ہمیشہ کے لیے ایک حسین یادگار بن گیا۔ یقیناً یہ سفر اور اس سے وابستہ یادیں مدتوں میرے دل و دماغ میں تازہ رہیں گی اور میں اس دن کو ہمیشہ محبت و مسرت کے ساتھ یاد رکھوں گا۔