پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈگریوں کے انبار اور ہنر کا قحط، تحریر: عظمیٰ شیخ

نقطہ نظر

​یہ حقیقت ہر دور میں اٹل رہی ہے کہ انسان کا مقام اس کے عمل ہنر اور عملی قابلیت سے متعین ہوتا ہے۔ لیکن افسوس کہ ہر سال موسمِ بہار اور خزاں میں ہمارے تعلیمی اداروں کے باہر کانووکیشن کی رنگین تقریبات سجتی ہیں، سیاہ گاؤنز میں ملبوس اور سنہری حروف سے مزین اسناد تھامے نوجوانوں کے چہروں پر امید کی کرنیں چمک رہی ہوتی ہیں، لیکن ادارے کی دہلیز پار کرتے ہی یہ چمک حقیقت کی تلخ دھوپ میں ماند پڑ جاتی ہے۔ ہم نے اپنے تعلیمی نظام کو علم، تحقیق اور ہنر کی درسگاہوں کے بجائے ڈگریاں بانٹنے کے کارخانوں میں بدل دیا ہے۔ نتیجہ یہ نکلا ہے کہ آج معاشرے میں ڈگری یافتہ بے روزگاروں کی ایک ایسی صف تشکیل پا چکی ہے جن کے پاس کاغذی ثبوت تو موجود ہیں، مگر عملی میدان میں اترنے کے لیے درکار پیشہ ورانہ مہارت اور خود اعتمادی ناپید ہے۔


​عالمی معاشی فورم (World Economic Forum) کی رپورٹس واضح کرتی ہیں کہ بدلتے ہوئے معاشی منظرنامے میں روایتی دفتری ملازمتوں کی جگہ ایسی اسامیاں لے رہی ہیں جن کے لیے جدید تکنیکی مہارت، تنقیدی شعور اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت بنیادی شرط ہے۔ دوسری جانب پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (PIDE) کے تحقیقی اعداد و شمار ایک نہایت تشویشناک تصویر پیش کرتے ہیں، جن کے مطابق ملک میں تعلیم یافتہ نوجوانوں میں بے روزگاری کی شرح غیر تعلیم یافتہ افراد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے اور تقریباً 31 فیصد ڈگری ہولڈرز روزگار کے مواقع سے محروم ہیں۔ اس سنگین صورتِ حال کی بنیادی وجہ ہماری جامعات کے نصاب اور مارکیٹ کی حقیقی ضروریات کے درمیان پایا جانے والا وہ وسیع خلیج ہے جسے پُر کرنے کے لیے کوئی جامع اور پائیدار حکمتِ عملی اختیار نہیں کی گئی۔


​ہمارے نظامِ تعلیم کا سب سے بڑا المیہ "رٹا سسٹم" ہے، جو طالب علم کی فکری جولانی اور تخلیقی صلاحیتوں کو کند کر دیتا ہے۔ ہم نئی نسل کو یہ تو سکھاتے ہیں کہ امتحانی پرچوں میں زیادہ نمبر کیسے سمیٹے جائیں، مگر یہ نہیں سکھاتے کہ کسی معاشرتی یا پیشہ ورانہ مسئلے کا عملی اور مؤثر حل کیسے نکالا جائے۔ مشہور ماہرِ تعلیم اور فلسفی جان ڈیوی (John Dewey) نے اس حقیقت کو یوں بیان کیا تھا:


​"اگر ہم آج کے طلبہ کو ویسے ہی پڑھائیں گے جیسے کل پڑھاتے تھے، تو ہم ان سے ان کا کل چھین لیں گے۔


​بدقسمتی سے ہم آج بھی بیسویں صدی کے فرسودہ تدریسی طریقوں سے اکیسویں صدی کے تیز رفتار چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عالمی معیشت اور ٹیکنالوجی مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیٹا سائنس، کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور ڈیجیٹل خدمات کی نئی منازل طے کر رہی ہیں جبکہ ہمارے تعلیمی اداروں میں آج بھی دہائیوں پرانے نوٹس رٹوا کر سندیں تھمائی جا رہی ہیں۔


​ ہمارے تعلیمی ڈھانچے کے اندرونی بحران کی وجہ یہ بھی ہے کہ علم کے مقصد کو صرف سرکاری یا نجی نوکری کا حصول بن جائے اور اس میں سے تجسس، تحقیق اور ہنر مندی کی روح نکل جائے تو ایسی ڈگریاں محض کاغذ کے بے جان ٹکڑے بن کر رہ جاتی ہیں۔

معروف امریکی مصنف ایلون ٹوفلر کا یہ قول آج کے دور میں اور بھی زیادہ معنی خیز ہو گیا ہے:

​"اکیسویں صدی کے ان پڑھ وہ نہیں ہوں گے جو پڑھ اور لکھ نہیں سکتے،بلکہ وہ ہوں گے جو سیکھ نہیں سکتے پرانے فرسودہ طریقوں کو بھلا نہیں سکتے اور نیا علم دوبارہ نہیں سیکھ سکتے۔"


​آج عالمی منڈی میں کامیابی کا پیمانہ کسی ادارے کی مہر نہیں بلکہ کام کر کے دکھانے کی اہلیت ہے۔ دنیا کے بڑے ٹیکنالوجی اداروں نے بھرتی کے عمل میں روایتی ڈگری کی سخت شرط میں نرمی پیدا کر کے ہنر، پورٹ فولیو اور عملی قابلیت کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔ ڈیجیٹل معیشت اور فری لانسنگ کے پلیٹ فارمز نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر کسی نوجوان کے پاس سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ یا کسی بھی جدید ہنر پر عبور ہے تو وہ محدود وسائل کے باوجود باعزت روزگار کما سکتا ہے۔


​ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم تعلیمی اصلاحات کو محض اعلانات اور سیمینارز تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات میں ڈھالیں۔ جامعات اور صنعتوں کے درمیان مضبوط، مستقل اور مؤثر رابطہ قائم کیا جائے تاکہ نصاب کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا سکے۔ ہر تعلیمی پروگرام میں عملی تربیت، انٹرن شپ، ڈیجیٹل خواندگی اور ووکیشنل اسکلز کو لازمی جزو بنایا جائے۔ جب تک ہم محض کاغذی ڈگریاں تقسیم کرنے کے بجائے باعمل، باہنر اور تخلیقی ذہن تیار نہیں کریں گے تب تک ڈگریوں کے انبار تو لگتے رہیں گے لیکن معاشی استحکام اور سماجی ترقی کا خواب ادھورا ہی رہے گا۔