جمعہ، 23 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

قصور: دراز اور آئی فون 17 پرو میکس کے نام پر مبینہ آن لائن فراڈ


قصور (غنی محمود قصوری) دراز اور آئی فون 17 پرو میکس کی مبینہ آفر کے نام پر آن لائن فراڈ کی کوششوں سے متعلق اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق بعض شہریوں کو واٹس ایپ پر غیر ملکی نمبروں سے کالز اور پیغامات موصول ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، جن میں دراز پر آئی فون 17 پرو میکس کی مبینہ لسٹنگ کا لنک بھیج کر پروڈکٹ پیج کا اسکرین شاٹ طلب کیا جاتا ہے اور اس کے بدلے انعام دینے کی پیشکش کی جاتی ہے۔اطلاعات میں کولمبیا کے کنٹری کوڈ +57 سمیت دیگر غیر ملکی نمبروں کا ذکر بھی کیا گیا ہے ،مزید خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ابتدائی ٹاسک مکمل کروانے کے بعد صارفین سے رجسٹریشن فیس یا ایزی پیسہ اور بینک ٹرانسفر کے ذریعے رقم طلب کی جا سکتی ہے۔ اسی طرح مشکوک لنکس کے ذریعے شہریوں کی ذاتی اور مالیاتی معلومات حاصل کرنے کا خطرہ بھی موجود ہو سکتا ہے۔


شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والے مشکوک لنکس نہ کھولیں، انعام یا آن لائن کام کے نام پر پیشگی رقم ادا نہ کریں اور اپنا واٹس ایپ او ٹی پی، شناختی کارڈ نمبر یا بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔احتیاطی تدابیر کے طور پر مشکوک نمبروں کو بلاک اور رپورٹ کرنے کے ساتھ واٹس ایپ پر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن بھی فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی مبینہ انعامی اسکیم کی تصدیق دراز کے سرکاری ذرائع سے کریں۔ متعلقہ حکام یا کسی مستند ادارے کی باضابطہ وارننگ سامنے آنے تک ان اطلاعات کو غیر مصدقہ سمجھا جائے۔


رپورٹ: غنی محمود قصوری

ڈویژنل بیورو چیف، باغی ٹی وی