Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نوبل امن انعام 2026 ناوانیتھم ناوی پلے کو دینے کا اعلان

مصنف:

نوبل امن انعام 2026ء جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی معروف قانون دان ناوانیتھم ناوی پلے کے نام کر دیا گیا ہے۔ ناروے کی نوبل کمیٹی کے مطابق انہیں امن اور عالمی قانون کے فروغ کے لیے خدمات کے اعتراف میں اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔


رواں سال نوبل امن انعام کے لیے مجموعی طور پر 287 افراد اور تنظیموں کو نامزد کیا گیا تھا۔ نوبل انعام کے لیے نامزد افراد اور اداروں کے نام 50 سال تک خفیہ رکھے جاتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ناوانیتھم ناوی پلے عالمی عدالتِ انصاف کی جج بھی رہ چکی ہیں اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے نمایاں خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے ناوانیتھم ناوی پلے کو نوبل امن انعام ملنے کا خیرمقدم کیا ہے۔ دفتر کی ترجمان شابیا مانٹو نے جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناوی پلے انسانی حقوق کی ایک پُرعزم محافظ اور علم بردار رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے مزید لگن اور عزم کی ضرورت ہے۔


دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نوبل امن انعام حاصل کرنے کی خواہش کے اظہار کے بعد یہ اعزاز انہیں نہیں مل سکا۔ ٹرمپ نے انعام کے اعلان سے قبل کہا تھا کہ انہیں معلوم نہیں کہ نوبل کمیٹی کیا فیصلہ کرے گی، تاہم انہیں خدشہ ہے کہ کمیٹی ان جیسے لوگوں کو یہ انعام نہیں دے گی۔ٹرمپ اس سے قبل دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہوں نے اقتدار سنبھالنے کے بعد آٹھ جنگیں ختم کروائیں اور انہیں امن انعام نہ ملنے کی صورت میں نوبل کمیٹی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے دوبارہ نامزد کیا تھا۔ وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں پاک بھارت کشیدگی کے دوران ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر کی بروقت مداخلت نے پاکستان اور بھارت کو جنگ کے دہانے سے واپس لانے اور جنگ بندی یقینی بنانے میں مدد دی، جو تاحال برقرار ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے امید ظاہر کی تھی کہ جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ اور تنازعات کی روک تھام کے لیے ٹرمپ کی کوششوں کو مناسب طور پر تسلیم کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ رواں ہفتے ادب، کیمیا، طبیعیات اور طب کے نوبل انعامات کے بعد امن کا انعام اس ہفتے دیا جانے والا پانچواں نوبل انعام ہے۔ گزشتہ سال وینزویلا کی اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچاڈو نے نوبل امن انعام حاصل کیا تھا۔