ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، رقم وفاقی سول پنشن نظام میں اصلاحات پر خرچ کی جائے گی۔
اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق قرض کا مقصد وفاقی پنشن اخراجات میں مسلسل اضافے کے باعث پیدا ہونے والے مالی دباؤ کو کم کرنا ہے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے وفاقی پنشن اخراجات 2016 سے اب تک تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں اور سالانہ ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔ پرانا پنشن نظام غیر فنڈڈ ہونے کے باعث اس کے تمام اخراجات قومی بجٹ سے پورے کیے جاتے تھے۔
اے ڈی بی کے مطابق جولائی 2024 سے بھرتی ہونے والے وفاقی ملازمین کو نئے پنشن نظام میں شامل کیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت پنشن کے انتظام، شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنشن اصلاحات سے حکومت کو ترقیاتی اور سماجی شعبوں کے اخراجات کے لیے مزید مالی گنجائش میسر آئے گی۔اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پنشن نظام کو مضبوط اور پائیدار بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔





