بحرین کے وزیر خارجہ آج سے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کریں گے

بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی 7 اور 8 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے-
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچیں گے، جہاں وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ پاکستان، بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔
https://x.com/ForeignOfficePk/status/2107722482128195619?s=20
مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، معاشی تعاون، دفاع و سلامتی، افرادی قوت اور محنت کشوں سے متعلق امور سمیت ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر بات چیت کی جائے گی دونوں وزرائے خارجہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کے علاوہ کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بحرین کے درمیان مشترکہ مذہبی عقائد، اقدار، باہمی احترام اور عوامی سطح پر دیرینہ روابط پر مبنی قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر باقاعدگی سے رابطے اور مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے، جبکہ بحرینی وزیر خارجہ کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار ہے۔
مزید پڑھیں





