برٹش ایئرویز کا مسافر طیارہ ٹیک آف سے قبل رن وے سے اتر کر گھاس میں پھنس گیا

لندن: برطانوی ایئرلائن برٹش ایئرویز کا مسافر طیارہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر ٹیک آف سے قبل رن وے سے اتر کر اطراف میں موجود گھاس میں پھنس گیا، واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق برٹش ایئرویز کی پرواز BA75 نے منگل 17 نومبر کو صبح 10 بج کر 10 منٹ پر لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ سے نائیجیریا کے شہر لاگوس کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم ٹیک آف سے قبل طیارہ ٹیکسی وے سے نکل گیا اور اس کا اگلا پہیہ رن وے کے ساتھ موجود گھاس میں دھنس گیا۔واقعے کے بعد ہیتھرو ایئرپورٹ انتظامیہ کے عملے نے طیارے کو واپس پارکنگ اسٹینڈ تک پہنچانے کے لیے کارروائی شروع کی۔برٹش ایئرویز نے متاثرہ مسافروں سے پرواز میں تعطل پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملہ مسافروں کو جلد از جلد ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے کام کر رہا ہے اور انہیں درپیش مسائل کے حل کے لیے رابطے میں ہے۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور طیارے کو واپس اسٹینڈ تک پہنچانے میں ایئرلائن کی معاونت کی جا رہی ہے، جبکہ اس واقعے سے ایئرپورٹ کے دیگر آپریشنز متاثر نہیں ہوئے۔واضح رہے کہ یہ واقعہ برٹش ایئرویز کے ایک اور طیارے کے لینڈنگ کے دوران رن وے سے ٹیل ٹکرانے کے واقعے کے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے بعد پیش آیا ہے۔
مزید پڑھیں





