منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سائیکل چلانے کا شوق مردوں کی جنسی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے، تحقیق میں اہم انکشاف

مصنف:

امریکی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سائیکل چلانے کی مقبول ورزش جہاں دل کی صحت اور جسمانی فٹنس کے لیے فائدہ مند ہے، وہیں بعض حالات میں مردوں کی جنسی صحت کو متاثر کرنے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔


امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ہر سال 5 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد سائیکل چلاتے ہیں، جن میں مردوں کی تعداد خواتین کے مقابلے میں تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سائیکل کی نشست پر مسلسل بیٹھنے سے جسم کے مخصوص حصے، یعنی خصیوں اور مقعد کے درمیان موجود حصے پر دباؤ پڑتا ہے، جس سے عضوِ تناسل تک خون کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔ 1999ء کی ایک تحقیق کے مطابق اس دباؤ کے باعث خون کی روانی میں تقریباً 68 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔تحقیق کے مطابق مسلسل سائیکل چلانے سے اعصاب پر دباؤ پڑنے کا خدشہ بھی ہوتا ہے، جس کے نتیجے میں سن ہونا اور بعض صورتوں میں جنسی کمزوری کی شکایات سامنے آ سکتی ہیں۔ ہفتے میں تین گھنٹے سے زیادہ سائیکل چلانے والے افراد میں اس حوالے سے خدشات زیادہ بیان کیے گئے ہیں۔


رپورٹ میں 2004ء کی ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تقریباً 198 میل طویل سائیکلنگ مکمل کرنے والے افراد میں سے 4.2 فیصد کو ایک ہفتے بعد جبکہ 1.8 فیصد کو ایک ماہ بعد عضوِ تناسل کی کمزوری کا سامنا کرنا پڑا۔ 2020ء کے ایک جائزے میں بھی سائیکل سواروں میں اس مسئلے کے امکانات دیگر افراد کے مقابلے میں دو گنا بتائے گئے۔تاہم سائیکلنگ اور جنسی کمزوری کے تعلق پر سائنسی شواہد یکساں نہیں ہیں۔ 2026ء میں 31 تحقیقات کے جائزے میں سائیکل چلانے والوں اور دیگر افراد کے درمیان جنسی کمزوری کے حوالے سے کوئی نمایاں فرق نہیں پایا گیا۔ محققین کے مطابق موجودہ شواہد سائیکلنگ کو مردوں میں عضوِ تناسل کی کمزوری کی براہِ راست وجہ ثابت نہیں کرتے۔


رپورٹ کے مطابق سائیکل کی قسم، ہینڈل بار کی اونچائی اور نشست کا ڈیزائن بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ بعض تحقیقات میں ماؤنٹین بائیک چلانے والوں میں روڈ بائیک سواروں کے مقابلے میں جنسی کمزوری کا خطرہ زیادہ پایا گیا، جبکہ غیر موزوں اور تنگ نشستیں بھی خون کی روانی متاثر کر سکتی ہیں۔ماہرین کی تجویز ہے کہ سائیکل سوار اپنی جسمانی ساخت کے مطابق نشست اور ہینڈل بار کا انتخاب کریں، طویل وقت تک مسلسل بیٹھنے سے گریز کریں اور دورانِ سائیکلنگ وقفے وقفے سے کھڑے ہو کر پیڈل چلائیں تاکہ حساس حصوں پر دباؤ کم ہو سکے۔