وزیراعلیٰ مریم نواز نے لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے کارڈ سوائپ کرکے اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی اور منصوبوں سے متعلق خصوصی ڈاکومینٹری بھی پیش کی گئی۔
لائیوسٹاک کارڈ فیز ون میں قرضوں کی 96 فیصد ریکوری پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اظہار مسرت کیا۔ تقریب میں وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے وزیراعلیٰ کو اسکیم کے دوسرے مرحلے اور شعبہ لائیوسٹاک کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے تحت فارمرز کو فی مویشی 27 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ونڈا، سائیلیج اور منرل مکسچر سمیت مویشیوں کی متوازن خوراک بلاسود قرض پر حاصل کی جا سکے گی۔ اس مرحلے کے تحت دو سال میں 6 لاکھ مویشیوں کو متوازن غذا فراہم کرکے گوشت کی پیداوار بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔حکام کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے ذریعے فارمرز کو مجموعی طور پر 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ فارمرز قرض کی اصل رقم ادا کریں گے، جبکہ سود حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ لائیوسٹاک فارمرز بلاسود قرض کی 25 فیصد رقم اے ٹی ایم کے ذریعے نقد بھی حاصل کر سکیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے مویشیوں کی مفت ٹیگنگ اور اینٹی ایف ایم ڈی (منہ کھر کی بیماری) ویکسینیشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ فارمرز آن لائن پورٹل کے ذریعے لائیوسٹاک کارڈ کے لیے خود رجسٹریشن کروا سکیں گے، جبکہ ان کی رہنمائی کے لیے چوبیس گھنٹے فعال ہیلپ لائن 0800-09211 قائم کی گئی ہے۔حکام کے مطابق لائیوسٹاک کنیکٹ پورٹل کے ذریعے 23 ہزار فارمرز کو میٹ ایکسپورٹرز کے ساتھ براہ راست منسلک کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے گوشت کی برآمدات کے لیے آٹھ بڑے ایکسپورٹرز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ پامکو کے ذریعے چین، سعودی عرب، خلیجی ممالک، آذربائیجان، ازبکستان اور یورپی منڈیوں میں گوشت کی برآمدات کے لیے بھی معاہدے کیے گئے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب میں لائیوسٹاک کارڈ اسکیم کے باعث خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1,107 ہو گئی ہے، جبکہ صوبے سے جانوروں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لائیوسٹاک کارڈ کے اجرا کے بعد ایک سال کے دوران گوشت کی برآمدات میں 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔حکام کے مطابق پنجاب میں فارمرز کے لیے 23 ہزار 312 لائیوسٹاک کارڈ تیار کیے گئے۔ مجموعی طور پر 1,739 فارمرز نے ان کارڈز کے ذریعے 70 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کیں۔ فارمرز نے مویشیوں کی خوراک اور غذائی ضروریات پر دو کروڑ روپے منرلز، 87 لاکھ روپے سائیلیج اور 89 کروڑ 26 لاکھ روپے ونڈے پر خرچ کیے۔حکومت پنجاب کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ اسکیم کا مقصد مویشی پالنے والے کسانوں کو مالی معاونت فراہم کرنا، جانوروں کی بہتر غذائیت یقینی بنانا، گوشت کی پیداوار میں اضافہ اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی گوشت کی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں





