مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی:سی سی پی او لاہور کو عدالت کا نوٹس جاری

لاہور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مبینہ نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا ہے اور کارروائی کل تک ملتوی کر دی ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر نظر بندی ہوئی ہے تو معاملہ گھمبیر نوعیت کا ہے، جس نے بھی غیر قانونی اقدام کیا اس کو خمیازہ بھگتنا ہوگا اور اگر مولانا فضل الرحمان کو نظر بند کیا ہے تو وجوہات دینی ہوں گی۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب لاہور کے علاقے چوہنگ میں مولانا فضل الرحمان کی قیام گاہ کے باہر پولیس نفری تعینات کی گئی اور ان کی نقل و حرکت محدود کی گئی۔
مولانا فضل الرحمان گزشتہ شب لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچے تھے۔
مبینہ نظر بندی اور بازیابی کے لیے جے یو آئی کے کارکن اور وکیل ابرار حسین نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی، جس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست گزار وکیل کا مؤقف تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر تقریباً تین ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، قانونی حکم نامے کی نقل طلب کرنے کے باوجود فراہم نہیں کی گئی، انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی اور مولانا فضل الرحمان کو عملاً گھر تک محدود کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوا، نہ انہیں کسی خطرے کی اطلاع سے آگاہ کیا گیا اور نہ ہی ان کی نظر بندی کے کوئی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اس وقت ریاستی حصار میں ہیں اور لاہور کے راستے بند ہونے اور ناکوں کے باعث لاہور ہائی کورٹ بار کے وکلا سے براہ راست خطاب نہیں کر سکے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کے حکم نامے کے مطابق لاہور میں 24 سے 26 نومبر تک تین روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔
حکم نامے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹس کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر بشمول لاہور میں عسکریت پسند و دہشت گرد تنظیموں اور مخالف انٹیلیجنس ایجنسیوں کی جانب سے امن و امان، سکیورٹی اورجان و مال کو سنگین و فوری خطرات لاحق ہیں، جلسے اور اجتماعات دہشت گرد حملوں کا نشانہ بن سکتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق غیر قانونی اجتماعات سےامن و امان خراب ہونےاور تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اور اس دوران عوامی مقامات، گلیوں، سڑکوں، شاہراہوں یا موٹرویز پر پانچ یا اس سے زائد افراد کے اجتماع و جلوس اور لوگوں کو اکسانے پر پابندی ہوگی، تاہم شادی بیاہ، نماز جنازہ، تدفین، مساجد و گرجا گھروں میں عبادات، سرکاری و نیم سرکاری دفاتر کے امور اور عدالتوں پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا۔
مزید پڑھیں



