بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ڈگریاں اور اعلی تعلیم ، تحریر: مرزا عارف رشید

نقطہ نظر

جب ہمارے معاشرے میں کسی انسان کے شعور تہذیب اور تربیت کی بات ہوتی ہے تو سب سے پہلا سوال جو پوچھا جاتا ہے وہ یہ ہوتا ہے کہ اس کی تعلیم کتنی ہے کہاں تک پڑھا ہوا ہےجواب میں بڑے فخر سے بتایا جاتا ہے کہ اس نے بی اے کیا ہوا ہے، ایم اے کیا ہوا ہے، یا فلاں بڑی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے ہمارے ہاں بدقسمتی سے تعلیم کو صرف ڈگری کا نام دے دیا گیا ہے ہم نے سمجھ لیا ہے کہ جس کے پاس بڑی ڈگری ہے وہی سب سے زیادہ باشعور سمجھا جاتا ہے ہم اپنے اردگرد نظر دوڑائیں اور سچ میں شعور کی بات کریں تو بہت سے پڑھے لکھے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ لوگوں کو ایسے کام کرتے ہوئے دیکھتے ہیں کہ سر شرم سے جھک جاتا ہے اور ہمیں سوچنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے کہ کیا واقعی تعلیم انسان کو شعور دیتی ہے اگر تعلیم کا مقصد شعور دینا ہے تو پھر وہی تعلیم یافتہ انسان ان پڑھوں والے کام کیوں کرتا ہے

ہمارے روزمرہ کے کاموں پر اگر نظر ڈالی جائے تو واضح طور پر بڑے حروف میں لکھا ہوتا ہے کہ یہاں ہارن بجانا منع ہے خاموشی اختیار کریں لیکن آپ دیکھیں گے کہ وہاں سب سے زیادہ ہارن بجائے جا رہے ہوں گے ہارن بجانے والا کوئی ان پڑھ ریڑھی والا نہیں بلکہ ایک مہنگی گاڑی میں بیٹھا اعلیٰ تعلیم یافتہ شخص ہوگا

جہاں لکھا ہوتا ہے کہ یہاں شور کرنا منع ہے وہیں پر سب سے زیادہ شور کیا جاتا ہے جہاں لکھا ہوتا ہے یہاں سگریٹ پینا منع ہے وہاں ہم فخر سے سگریٹ کے کش لگاتے ہیں جہاں لکھا ہوتا ہے کہ یہاں پان کی پیک تھوکنا اور دیوار خراب کرنا منع ہے وہاں ہم پوری دیوار کو بد نما داغوں سے بھر دیتے ہیں یہ کام کوئی ان پڑھ نہیں کرتا ایسا کام پڑھے لکھے ہی کرتے ہیں

آپ کسی بینک میں کسی دفتر میں کسی یوٹیلیٹی اسٹور پر چلے جائیں وہاں لکھا ہوتا ہے براہ مہربانی قطار میں کھڑے ہوں آپ دیکھیں گے کہ سب سے پہلے قطار کو توڑ کر آگے جانے والا کوئی عام مزدور نہیں بلکہ ایک تعلیم یافتہ اور اچھے لباس والا شخص ہوگا

اگر بات کی جائے ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی تو زیبرا کراسنگ پر اپنی گاڑی کھڑی کرتے ہوئے نو پارکنگ بورڈ کے عین نیچے اپنی گاڑی پارک کرتے ہوئے کوئی اور نہیں بلکہ اعلی تعلیم یافتہ ہی ہوگا ٹریفک وارڈن ساتھ گالی گلوچ اور لڑائی جھگڑا کرتے ہوئے آپ کو اکثر یہی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہی نظر آئے گا پھر سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر شعور ہے کس کے پاس اعلی ڈگری رکھنے والے کے پاس اگر انسان اپنے ضمیر کو جھنجھوڑ کر تھوڑا سوچ سمجھ کر

شعور سے بات کرے گا تو اسے کا اعلی ظرف نظر ا جائے گا کچھ عرصہ پہلے میرے سامنے ایک ایسی خبر آئی جس نے میرے ضمیر کو ہلا کر رکھ دیا اور مجھے اس کالم کو لکھنے پر مجبور کر دیا

خبر کچھ یوں تھی کہ سندھ کی ایک بہت بڑی اور مشہور یونیورسٹی کی ایک سابق وائس چانسلرجو اپنے وقت کی ایک بہت ہی قابل ذہین اور اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون تھیں وہ آج کل لاہور یا کراچی کے کسی اولڈ ایج ہوم میں اپنی زندگی کے آخری ایام گزار رہی ہیں

بتایا گیا کہ ان کے تمام بچے بیرون ملک یا پاکستان میں بہت بڑے سرکاری عہدوں پر فائز ہیں ان کے پاس بڑی بڑی گاڑیاں بھی ہیں سب بچوں کے پاس بڑے بڑے بنگلے ہیں لیکن المیہ یہ ہے کہ گزشتہ چار سال سے نہ تو کسی بیٹے نے اور نہ ہی کسی بیٹی نے اپنی اس بوڑھی بیمار والدہ سے ملنے کی زحمت تک گوارا کی ہےمیں سوچتا ہوں کہ ان والدین کا کیا قصور ہے ان والدین کا کیا قصور ہے جو اپنی اولاد کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لیے اپنا آرام اپنا سکون اپنی نیند اپنی ساری جمع پونجی حتیٰ کہ اپنی خواہشات تک قربان کر دی تھی وہ ماں جو خود بھوکی سو جاتی ہے لیکن اپنے بچے کو پیٹ بھر کر سب کچھ کھلاتی ہے وہ باپ جو خود پرانے کپڑے پہن لیتا ہے لیکن اپنے بچے کو نئی یونیفارم لے کر دیتا ہےاور پھر وہی اعلیٰ تعلیم یافتہ اولاد جن کی جیب میں پیسہ اور ہاتھ میں ڈگری آ جاتی ہے وہ اپنے انہی والدین کو بوجھ سمجھ کر اولڈ ایج ہوم چھوڑ آتی ہے کیا یہی تعلیم ہے کیا یہی شعور ہےاگر تعلیم ہمیں ہمارے والدین سے ہی دور کر دے تو ایسی تعلیم سے جاہل رہنا بہتر ہےہمارا مذہب کیا کہتا ہےہمارے پیارے مذہب اسلام میں تو ایسا کوئی تصور موجود ہی نہیں ہے ہمارے دین میں تو ماں باپ کی خدمت کو جہاد سے بھی افضل قرار دیا گیا ہےقرآن پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ہم نے انسان کو اس کے والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے ایک اور جگہ فرمایا گیا کہ اپنے والدین کو اف تک نہ کہو اور انہیں نہ جھڑکو بلکہ ان سے عزت و تکریم کے ساتھ بات کروہمیں بتایا گیا ہے کہ تمہارے والدین تمہاری جنت بھی ہیں اور دوزخ بھی تم ان کی خدمت کیا کرو اس طرح تم جنت پاؤ گے اور اگر انہیں ناراض کرو گے تو تمہارے لیے دوزخ ہے ہمارے آقا کا فرمان ہے ماں کے قدموں تلے جنت ہے اپنے ماں باپ کی خدمت کیا کرو وہی جنت آج اولڈ ایج ہوم میں پڑی سسک رہی ہے دنیا میں چاہے کتنی بڑی ڈگریاں حاصل کر لیں دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی کی ڈگری حاصل کر لیں جب تک ماں باپ تم سے راضی نہیں ہوگے تب تک تمہاری ڈگریاں فضول ہیں اللہ تعالیٰ نے ہمیں اشرف المخلوقات بنایا ہے اور ہمیں دنیا میں بھیجا ہے کہ جاؤ میری عبادت کرو اور اپنے ماں باپ کی خدمت کرو

اس لیے میں یہ کہتا ہوں کہ بات ڈگری یا اعلیٰ تعلیم کی نہیں ہے بات تو شعور کی ہے بات تو تربیت کی ہے

اگر سچ پوچھا جائے تو دنیا کی سب سے بڑی یونیورسٹی سب سے بڑی درسگاہ اور اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی سب سے بڑی جگہ کوئی اور نہیں ہمارے والدین کا گھر ہے اعلیٰ شعور حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک کی یونیورسٹی میں جانے کی ضرورت نہیں اپنے والدین کے نقش قدم پر چلودنیا کی سب سے اعلیٰ یونیورسٹی تمہارے والدین ہیں ان سے ہی سب کچھ ملتا ہےماں کی گود جیسی گود نہ کبھی مل سکتی ہے نہ کبھی ملے گی باپ جیسا دوست باپ جیسا محافظ باپ جیسا سہارا نہ کبھی ملا ہے نہ کبھی ملے گایہیں سے ہم سب کچھ سیکھتے ہیں بولنا رونا مسکراناروٹھ جانامان جاناضد کرنا اپنی بات منوانا بڑوں کا ادب کرنا چھوٹوں سے پیار کرنا سچ بولناوعدہ پورا کرنایہ سب ہمیں سب سے پہلے والدین کے اسکول سے ہی ملتا ہے یونیورسٹی کی تعلیم تو بہت بعد میں آتی ہے

آخر میں میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ ڈگریاں آپ کو نوکری تو دے سکتی ہیں ڈگریاں آپ کو اچھا عہدہ تو دے سکتی ہیں ڈگریاں آپ کو بڑی گاڑی اور بڑا بنگلہ تو دے سکتی ہیں لیکن ڈگریاں آپ کو انسان نہیں بنا سکتیں

انسان وہی ہے جس کے پاس شعور ہے جس کے پاس ادب ہے جس کے پاس اپنے والدین کے لیے عزت ہےآج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو صرف ڈگریاں نہ دیں بلکہ انہیں شعور بھی دیں انہیں تربیت بھی دیں انہیں بتائیں کہ اصل کامیابی تمہارے والدین کی دعاؤں میں ہے تمہاری ڈگریوں میں نہیں