اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت اہم اجلاس: آزاد کشمیر کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور

وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں آزاد کشمیر کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آزاد جموں کشمیر کے ترقیاتی ایجنڈے پر اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عو امی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور وسائل کے شفاف استعمال کی ہدایت کی ہے،اجلاس کے دوران خاص طور پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالے سے جاری مختلف اقدامات کی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
وفاق اور آزاد کشمیر کے درمیان انتظامی ہم آہنگی کو مزید موثر اور مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی طویل المدتی معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے دستیاب مالی وسائل کا بہترین اور موثر استعما ل انتہائی ناگزیر ہے۔
https://x.com/ForeignOfficePk/status/2106374045398950012?s=20
انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے تمام منصوبے وزیرِ اعظم پاکستان اور وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر کی ہدایات کے عین مطابق ہونے چاہییں۔ مزید برآں ان ترقیاتی کاموں میں آزاد کشمیر کے عوام کی امنگوں اور دیرینہ خواہشات کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جائے۔
اس اہم اجلاس میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری ’امورِ کشمیر‘، اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور چیف سیکریٹری آزاد کشمیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔





