ہفتہ، 24 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

کشمیر سنٹر لاہور اور لیڈرز میڈیا اویئرنس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے نشست کا انعقاد

میڈیا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قومی شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ٗمقررین

مصنف:

کشمیر سنٹر لاہور (جموں و کشمیر لبریشن سیل) اور لیڈرز میڈیا اویئرنس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ‘‘میڈیا کا کردار اور مسئلہ کشمیر: شعور، ابلاغ اور قومی ذمہ داری’’ کے عنوان سے ایک خصوصی نشست منعقد کی گئی، جس میں مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں میڈیا کے کردار، مؤثر ابلاغ کی اہمیت اور قومی ذمہ داریوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا


۔نشست سے انچارج سنٹرانعام الحسن، چیئرمین لیڈرز میڈیا اوئیرنس فاؤنڈیشن علی بخاری، صدر نصیرالحق ہاشمی ، جنرل سیکرٹری مصور علی زنجانی، رکن اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان رانا شفیق خان پسروری، صابراعوان، شہریارمرزا،ریاض چشتی، سعید حسن خان، رجب علی، ناصرظہیر، ثاقب بٹ اور محمدفیضان خان نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقوق، حقِ خودارادیت اور ان کے مستقبل سے وابستہ ایک اہم انسانی اور سیاسی مسئلہ ہے۔ اس مسئلے کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے میڈیا کو ذمہ دارانہ صحافت، مستند معلومات، مؤثر ابلاغ اور جدید ذرائع ابلاغ سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔مقررین کا کہنا تھا کہ ذرائع ابلاغ عوامی شعور کی تشکیل اور قومی و بین الاقوامی رائے عامہ کو متوجہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حقائق پر مبنی رپورٹنگ، تحقیقاتی صحافت، دستاویزی مواد، ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا کے مؤثر استعمال کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز کو وسیع تر حلقوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے صحافیوں، کالم نگاروں، دانش وروں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور متعلقہ سرکاری اداروں کے مابین رابطوں اور تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت سے آگاہ کرنے کے لیے بھی میڈیا مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔اس موقع پر کشمیر سنٹر لاہور کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے جاری سرگرمیوں اور مستقبل میں میڈیا کے ساتھ اشتراکِ عمل کے امکانات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شعور و آگہی کے فروغ، مستند معلومات کی ترسیل اور قومی ذمہ داریوں کے احساس کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کاوشوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔نشست کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مسلسل مکالمے، ذمہ دارانہ صحافت اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے، تاکہ کشمیری عوام کے مؤقف اور ان کے حقِ خودارادیت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔