جلد ایکشن، ورنہ دیر ہو جائے گی، تحریر: عظمیٰ شیخ
نقطہ نظرآج 14 نومبر ہے۔ دنیا بھر میں آج عالمی یومِ ذیابیطس منایا جا رہا ہے اور اس سال کا موضوع ہے Early Action on Diabetes یعنی ذیابیطس پر جلد ایکشن۔ یہ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک وارننگ ہے۔ ذیابیطس اب صرف شوگر بڑھنے کا نام نہیں رہا۔ یہ وہ خاموش بیماری ہے جو آنکھوں کی روشنی، گردوں کی طاقت، دل کی دھڑکن اور پیروں کی حرکت کو آہستہ آہستہ چھین لیتی ہے۔ یہ چپ چاپ آتی ہے۔
پاکستان کے لیے یہ دن خاص طور پر اہم ہے۔ انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز فیڈریشن کے آئی ڈی ایف ڈائیبیٹیز اٹلس گیارہویں ایڈیشن 2025 کے مطابق پاکستان میں تقریباً تین کروڑ پینتالیس لاکھ بالغ افراد ذیابیطس کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ عمر کے لحاظ سے ایڈجسٹ کی گئی شرح 31.4 فیصد ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ دنیا بھر میں 58 کروڑ 90 لاکھ افراد ذیابیطس کا شکار ہیں یعنی ہر نو میں سے ایک فرد۔ اگر ہم نے آج کچھ نہ کیا تو پاکستان میں یہ تعداد 2050 تک 7 کروڑ تک پہنچ سکتی ہے۔
ہم بیمار کیوں ہو رہے ہیں؟ ذیابیطس صرف میٹھا کھانے سے نہیں ہوتی۔
پہلی وجہ: ہم چلنا بھول گئے ہیں۔ موٹر سائیکل، گاڑی، لفٹ اور موبائل نے ہمیں کرسی کا قیدی بنا دیا ہے۔ کھانا زیادہ، حرکت کم، یہی ذیابیطس کا سب سے بڑا فارمولا ہے۔
دوسری وجہ: ہماری خوراک ہے۔ سفید آٹے کی روٹی، چینی والی چائے، کولڈ ڈرنکس، فاسٹ فوڈ اور تلی ہوئی چیزیں۔ ہم پیٹ بھرتے ہیں، غذائیت نہیں دیتے۔
تیسری وجہ: ہم ٹیسٹ نہیں کراتے۔ دنیا میں 40 فیصد سے زیادہ لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ انہیں ذیابیطس ہے۔ انہیں تب پتہ چلتا ہے جب دل کا دورہ پڑتا ہے یا پاؤں کاٹنے کی نوبت آ جاتی ہے۔
چوتھی وجہ: خاندانی رسک ہے۔ مگر سائنس کہتی ہے کہ جینیاتی رسک ہونے کے باوجود صحت مند طرزِ زندگی رسک کو کم کر سکتا ہے۔
اچھی خبر یہ ہے کہ ذیابیطس کو روکا جا سکتا ہے۔ امریکہ کے مشہور ڈائیبیٹیز پریونشن پروگرام میں جن لوگوں نے صرف طرزِ زندگی بدلا، ان میں ذیابیطس کا رسک 58 فیصد کم ہو گیا۔ اس میں صرف تین چیزیں تھیں: ہفتے میں 150 منٹ چلنا، روز 30 منٹ، 5 دن، اور وزن میں صرف 5 سے 7 فیصد کمی۔
2025 میں Annals of Internal Medicine میں شائع ہونے والی تحقیق PREDIMED-Plus نے بتایا کہ کم کیلوری والی متوازن خوراک، ورزش اور وزن کنٹرول سے ٹائپ 2 ذیابیطس کا رسک 31 فیصد کم ہو گیا۔ یعنی دوا سے پہلے آپ کی پلیٹ اور آپ کے قدم ہی دوا ہیں۔
حل کیا ہے؟
1. آج ہی اپنا رسک جانیں: اگر عمر 30 سے اوپر ہے، وزن زیادہ ہے، خاندان میں ذیابیطس ہے، بلڈ پریشر ہے، یا حمل کے دوران شوگر رہی ہے تو آپ رسک پر ہیں۔ آج ہی HbA1c اور فاسٹنگ شوگر ٹیسٹ کرائیں۔
2. چینی کم کریں: چائے میں چینی کم کریں، کولڈ ڈرنک چھوڑ دیں، مٹھائی کو روز کا معمول نہ بنائیں۔
3. پلیٹ کا فارمولا بدلیں: آدھی پلیٹ سبزیاں اور سلاد، ایک چوتھائی دال، چنے، انڈا یا گوشت، ایک چوتھائی روٹی یا چاول۔
4. روز 30 منٹ چلیں: کھانے کے بعد صرف 10 منٹ کی چہل قدمی بھی شوگر کو نیچے لاتی ہے۔
5. وزن پر نظر رکھیں: وزن میں صرف 5 فیصد کمی بھی بڑا فرق ڈالتی ہے۔
6. نیند اور ذہنی دباؤ کا خیال رکھیں: رات کو 7 سے 8 گھنٹے نیند لیں۔
7. سالانہ چیک اپ: ذیابیطس والے ہر شخص کو سال میں ایک بار آنکھوں کا معائنہ اور پاؤں کا چیک اپ ضرور کرانا چاہیے۔ یہی جلد ایکشن اندھے پن اور پاؤں کٹنے سے بچاتا ہے۔
یہ صرف فرد کی ذمہ داری نہیں۔ اسکولوں میں جنک فوڈ پر پابندی، محلوں میں واکنگ ٹریک اور صحت مراکز پر مفت اسکریننگ بھی ضروری ہے۔
آخر میں ایک گزارش ہے۔ ذیابیطس سے ڈرنا نہیں، اسے سمجھنا ہے۔ جلد ایکشن ہی اصل علاج ہے۔ ٹیسٹ کرانا شرم نہیں، احتیاط کمزوری نہیں، اور چلنا وقت کا ضیاع نہیں۔
اگر آپ نے یہ کالم پڑھ لیا ہے تو اسے یہیں ختم مت کریں۔ آج کسی ایک اپنے کو فون کریں اور کہیں: چلو آج شوگر ٹیسٹ کراتے ہیں اور شام کو ساتھ واک کرتے ہیں۔ شاید یہی ایک فون کسی کی زندگی بچا لے۔ شکریہ۔
مزید پڑھیں





