ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

گورنر خیبرپختونخوا کا سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان

مصنف:

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے اور تمام لیز منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔


پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے انکشاف کیا کہ غیر قانونی مائننگ کے خلاف کارروائی کے دوران معلوم ہوا کہ صوبے میں ہر ماہ تقریباً 90 کلوگرام سونا نکالا جا رہا تھا، جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ سونے کی کان کنی کے تمام لیز منسوخ کیے جا رہے ہیں اور تمام سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔گورنر نے کان کنی کے لیز ہولڈرز اور ٹھیکیداروں کو ایک ہفتے کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ متعلقہ علاقوں سے اپنی بھاری مشینری ہٹا لیں، بصورت دیگر مقررہ مدت کے بعد مشینری ضبط کرلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مجسٹریٹ مشینری ضبط کرکے 30 ہزار روپے جرمانہ کرتے تھے، حالانکہ قانون میں جرمانے کی رقم 5 لاکھ روپے ہے، اس معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔


فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ غیر قانونی مائننگ میں 8 ہزار 350 ٹریکٹرز اور ٹریکٹر ٹرالیاں، ایک ہزار 730 ہیوی ڈمپرز اور بڑی تعداد میں مزدور استعمال ہو رہے تھے۔ کوہاٹ میں معدنیات کے دو بلاکس سی اور ڈی ہیں، جبکہ ایک مائننگ بلاک 4 ارب 92 کروڑ روپے کی لیز پر دیا گیا تھا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا، جو دہشت گردی اور پاکستان مخالف سرگرمیوں میں استعمال ہو رہا تھا۔ غیر قانونی مائننگ میں ملوث عناصر دہشت گردوں کو بھتہ دیتے اور ان سے تحفظ حاصل کرتے تھے۔گورنر خیبرپختونخوا نے کوہاٹ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر قانونی کان کنی کا سلسلہ ختم کیا، تاہم آپریشن کے بعد واپس آنے والی پولیس فورس پر فتنہ الخوارج نے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی اور 10 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 11 خوارج ہلاک ہوئے۔


انہوں نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ آخر کب تک ہم اپنے جوانوں کی شہادتیں دیتے رہیں گے، اب یہ سلسلہ نہیں چلے گا۔گورنر نے مزید کہا کہ گزشتہ 13 برسوں کے دوران خیبرپختونخوا کے وسائل لوٹے گئے، تاہم اب صوبے میں جزا و سزا کا نظام نافذ ہوگا۔ حکومت کا مقصد صوبے میں ترقی و خوشحالی لانا اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مائنز اینڈ منرلز کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس میں دنیا بھر سے وفود نے شرکت کی اور معدنی وسائل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اب بین الاقوامی برادری کو بھی معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے تاکہ صوبے کے قدرتی وسائل کو ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جا سکے۔