ہفتہ، 14 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پی ٹی آئی میں ڈسپلن کا فقدان ہے، شوکت یوسفزئی

مصنف:

پشاور: تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پارٹی میں گروپنگ نہیں بلکہ نظم و ضبط کا فقدان ہے، موجودہ مشکلات سے نکلنے کے لیے باہمی مفاہمت اور اتحاد ناگزیر ہے۔


اپنے بیان میں شوکت یوسفزئی نے پارٹی قیادت کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے کو اختلافات کا نام دینا درست نہیں۔ تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی جماعت ہے اور اس کے بانی اس وقت جیل میں ہیں، ایسے حالات میں پارٹی کے اندر اختلاف رائے ہونا فطری بات ہے۔


انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر پارٹی کو متحد رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، جبکہ پارٹی قیادت کو میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے گریز کرنا چاہیے۔


شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پارٹی کو انتشار سے بچانے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ڈسپلنری کمیٹی کا قیام ناگزیر ہوچکا ہے۔


نئے صوبوں کے قیام سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی پارٹی میں زیر غور نہیں آیا اور اس حوالے سے پارٹی کے اندر کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ تحریک انصاف کا مؤقف واضح ہے کہ نئے صوبے آئینی طریقہ کار کے مطابق بننے چاہئیں، کیونکہ ان کے قیام سے عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔


بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی جیل میں ملاقات کے حوالے سے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کو ملک بھر میں سیاسی اسپیس نہیں مل رہی، لیکن پارٹی سیاسی اسپیس حاصل کرنے کے بجائے باہمی اسپیس بڑھا رہی ہے۔ پارٹی کو موجودہ مشکل صورتحال سے نکالنے کے لیے باہمی مفاہمت، اتحاد اور نظم و ضبط کو فروغ دینا ہوگا۔