پاکستان کسٹمز، انڈس انفورسمنٹ کی بڑی کارروائی، کالا باغ میں 68 کروڑ روپے مالیت کا ایسیٹیٹ ٹو اور تمباکو برآمد

پاکستان کسٹمز کے کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ، انڈس نے اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی اور اہم کارروائی کرتے ہوئے کالا باغ کے علاقے میزائل کالونی میں قائم ایک خفیہ ڈمپنگ سائٹ سے ایسیٹیٹ ٹو اور تمباکو کی بھاری مقدار برآمد کر لی، جس کی مجموعی تخمینہ شدہ مالیت 68 کروڑ روپے ہے۔ یہ برآمدگی 12 نومبر 2026 کی شب عمل میں آئی، جو کلکٹریٹ کی مختصر تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔
مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالا باغ اور چشمہ کی انفورسمنٹ ٹیموں نے پنجاب پولیس کے ساتھ قریبی رابطہ کاری اور ڈپٹی کلکٹر (انچارج) جناب جواد کی نگرانی میں متعلقہ مقام پر ایک تیز رفتار اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر چھاپہ مارا۔ مذکورہ مقام ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن (DES)، کالا باغ سے تقریباً 1 سے 2 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔
کارروائی کے دوران ایسیٹیٹ ٹو کے 45 بنڈلز، جن کا مجموعی وزن تقریباً 9,200 سے 10,000 کلوگرام تھا، جبکہ تمباکو کے 50 سے 60 پارسلز، جن کا وزن تقریباً 1,400 کلوگرام تھا، برآمد کیے گئے۔ برآمد شدہ سامان کی مجموعی تخمینہ شدہ مالیت 68 کروڑ روپے ہے۔ تمام ضبط شدہ سامان بحفاظت میانوالی منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
اس کارروائی کے دوران اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے بدلتے ہوئے طریقہ واردات کا بھی انکشاف ہوا۔ ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن (DES) پر سخت نگرانی اور کڑی چیکنگ کے باعث اسمگلنگ میں ملوث عناصر نے سامان کو اسٹیشن کے قریبی علاقے میں قائم ایک خفیہ ڈمپنگ سائٹ پر عارضی طور پر ذخیرہ کرنے اور بعد ازاں اسے تھوڑی تھوڑی مقدار میں منتقل کرکے چیکنگ سے بچنے کی حکمت عملی اختیار کر رکھی تھی۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں اسمگلنگ کی اس خفیہ سپلائی چین کو مؤثر طور پر متاثر کیا گیا ہے، جو ڈیجیٹل انفورسمنٹ اسٹیشن، کالا باغ پر نافذ مؤثر نگرانی اور انفورسمنٹ اقدامات کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔
کلکٹریٹ نے اس کامیاب کارروائی پر پوری انفورسمنٹ ٹیم کی غیر معمولی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور فرض شناسی کو سراہا ہے اور ٹیم کے تمام ارکان کے لیے خصوصی انعام کا اعلان کیا ہے۔ دیگر افسران اور فیلڈ فارمیشنز کو بھی اس کارروائی کو مثال بناتے ہوئے اسی عزم، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ ایسی مؤثر کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان کسٹمز نے اسمگلنگ کے خاتمے، قانونی تجارت کے تحفظ اور قومی محصولات کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے
مزید پڑھیں




