Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ اجلاس:فیلڈمارشل،اسحاق ڈار اورخواجہ آصف شرکت کریں گے


ریاض: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی عرب (مدینہ منورہ )پہنچ گئے ہیں۔


ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کےتحت ہونےوالے اہم اجلاس میں شرکت سےقبل مدینہ منورہ پہنچ گئے مدینہ منورہ آمد پر سعود ی عرب میں پاکستان کے سفیر، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل، سعودی وزارت خارجہ مدینہ برانچ کے ڈائریکٹر جنرل اور سعودی رائل پروٹوکول نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔


مدینہ منورہ میں اپنے قیام کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی امن و خوشحالی، عوام کی ترقی اور امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود سمیت خطے کے امن و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں جبلِ احد کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے شہدائے احد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔


زیارت کی سعادت حاصل کرنے کے بعد نائب وزیراعظم ریاض کے لیے روانہ ہو گئے، جہاں وہ مکہ جوا ئنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کی اسٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔


دوسری جانب وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف بھی اسی اجلاس میں شرکت کے لیے ریاض پہنچ چکے ہیں۔ ریاض آمد پر سعودی رائل آرمڈ فورسز اور ایئر فورس کے اعلیٰ افسران، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔


ذرائع کے مطابق ریاض میں منعقد ہونے والے اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شرکت کریں گے، جبکہ سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سیکیورٹی و دفاعی حکام بھی اسٹریٹجک تعاون اور علاقائی دفاعی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔


یہ اجلاس مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان سیاسی و دفاعی تعاون کو آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔