سیف سٹی کیمروں کو نقصان پہنچانے پرجرمانہ،صدر مملکت نے آرڈیننس کی دی منظوری

اسلام آباد: وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفراسٹرکچر کے تحفظ اور نقصان کی تلافی سے متعلق آرڈیننس کی منظوری دے دی۔
آرڈیننس کا مقصد سیف سٹی کیمروں اور نگرانی کے نظام کو نقصان سے محفوظ بنانا اور نقصان کی صورت میں اس کی تلافی یقینی بنانا ہے۔آرڈیننس کے تحت سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے، نقصان پر اکسانے یا اس کی ترغیب دینے پر مالی جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔ سیف سٹی کیمرے یا سرویلنس انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچانے کی صورت میں فی کیمرا یا انفراسٹرکچر 20 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکے گا۔جلسے، جلوس، دھرنے، احتجاج، ہڑتال یا اجتماع کے دوران ہونے والے نقصان کی صورت میں منتظمین کو بھی نقصان کا ذمہ دار قرار دیا جا سکے گا۔جرمانے اور نقصان کی لاگت کا تعین مجاز افسر کی جانب سے متعلقہ شخص کو شنوائی کا موقع فراہم کرنے کے بعد کیا جائے گا۔ جرمانے یا نقصان کی لاگت کے تعین کے خلاف متعلقہ شخص کو 30 دن کے اندر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کے سامنے اپیل کا حق حاصل ہوگا۔
جرمانے یا نقصان کی مقررہ رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں اسے اراضی کے محصول کے بقایا جات کے طور پر وصول کیا جا سکے گا۔آرڈیننس کے تحت جرمانے اور نقصان کی مد میں وصول ہونے والی رقم سیف سٹی کیمروں اور سرویلنس انفراسٹرکچر کی مرمت اور تبدیلی پر خرچ کی جائے گی۔
مزید پڑھیں




