بدھ، 4 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امریکا میں پہلی سیاہ فام خاتون گورنر منتخب


امریکی ریاست جارجیا میں ڈیموکریٹک امیدوار کیشا لانس باٹمز نے گورنر کا انتخاب جیت کر تاریخ رقم کردی۔ وہ امریکا کی تاریخ میں کسی بھی ریاست کی گورنر منتخب ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون بن گئی ہیں۔


اٹلانٹا کی سابق میئر کیشا لانس باٹمز نے ری پبلکن امیدوار اور ارب پتی کاروباری شخصیت رک جیکسن کو شکست دی۔56 سالہ باٹمز جارجیا کی پہلی خاتون گورنر بھی ہوں گی وہ جنوری 2027ء میں عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔


خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق باٹمز کی کامیابی سے جارجیا میں ری پبلکنز کی دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط حکمرانی کا خاتمہ بھی ہوگیا ہے۔ ریاست میں آخری مرتبہ ڈیموکریٹک گورنر 2003ء میں عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔


کیشا لانس باٹمز 2018ء سے 2022ء تک اٹلانٹا کی میئر رہیں۔ بعد ازاں انہوں نے سابق امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ میں سینئر مشیر اور وائٹ ہاؤس کے دفتر برائے عوامی رابطہ کاری کی سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں, کیشا لانس باٹمز 2018ء سے 2022ء تک اٹلانٹا کی میئر رہیں، جب کہ بعد ازاں صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ میں مشیر اور وائٹ ہاؤس کے دفتر برائے عوامی رابطہ کاری کی سربراہ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔


انتخاب میں شکست کھانے والے رک جیکسن صحت کے شعبے میں افرادی قوت فراہم کرنے والی کمپنی جیکسن ہیلتھ کیئر کے بانی ہیں۔ انہوں نے انتخابی مہم میں ٹیکسوں میں کمی، عوامی تحفظ اور حکومتی ضابطوں کو محدود کرنے پر زور دیا تھا۔


امریکی سیاست میں اسی روز ایک اور اہم پیش رفت بھی سامنے آئی، جب اسٹیسی پلاسکٹ امریکی علاقے ورجن آئی لینڈ کی گورنر منتخب ہوئیں۔ وہ کسی امریکی دائرہ اختیار کی گورنر منتخب ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون بن گئی ہیں۔


دوسری جانب ریاست فلوریڈا میں ری پبلکن جماعت کے رکن کانگریس بائرن ڈونلڈز نے گورنر کا انتخاب جیت لیا۔ وہ امریکا میں گورنر منتخب ہونے والے پہلے سیاہ فام ری پبلکن رہنما ہیں۔


کیشا لانس باٹمز کی کامیابی سے آٹھ سال قبل ڈیموکریٹ رہنما اسٹیسی ابرامز بھی کسی بڑی امریکی سیاسی جماعت کی جانب سے گورنر کے عہدے کے لیے نامزد ہونے والی پہلی سیاہ فام خاتون بنی تھیں۔ وہ 2018ء اور 2022ء میں جارجیا کے گورنر کا انتخاب ہار گئی تھیں، تاہم ان کی انتخابی مہم نے ریاست میں ڈیموکریٹس کے ووٹ بینک کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔