لکی مروت : پولیس کی بڑی کارروائی، خودکش بمبار سمیت فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگرد ہلاک، ایک فرار

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت فتنہ الخوارج کے 2 کارندے ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی دہشتگرد فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے تعاقب جاری ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق لکی مروت کے علاقے گنڈی چوک میں کالے شیشوں والی ایک مشکوک موٹر کار کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی پولیس کو دیکھتے ہی کار میں سوار مشتبہ دہشتگردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور اہل کاروں پر فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی, فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں مشکوک گاڑی میں سوار خودکش بمبار سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے دہشتگردوں کے زیر استعمال گاڑی کی تلاشی کے دوران اسلحہ، ایمونیشن، تحریک طالبان پاکستان کا جھنڈا، خوا تین کے برقعے اور دیگر مشکوک اشیا برآمد کرلی ہیں۔ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے سامان کی نوعیت سے دہشتگردوں کے کسی بڑی تخریبی کارروائی کے لیے جانے کا شبہ ہے، تاہم ان کے ممکنہ عزائم کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، جبکہ فرار ہونے والے زخمی دہشتگرد کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور نگرانی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لے کر شناخت کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بروقت کارروائی پر لکی مروت پولیس کے جوانوں کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کی پروا نہ کرنے والے پولیس اہلکار قوم کے اصل ہیروز ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے,آئی جی پی نے عزم ظاہر کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پولیس کی جدوجہد جاری رہے گی-




