فوگ اور سموگ ،زہرِ قاتل، تحریر: مائرہ حمزہ
نقطہ نظرسردیوں کی صبح اب وہ صبح نہیں رہی جو کبھی چائے کی خوشبو اور دھوپ کی نرمی کے ساتھ آتی تھی؛ اور ہوا؟ ہوا میں اب تازگی نہیں، ایک بوجھل سی، کڑوی سی بو بسی ہوتی ہے، جو ناک سے ہوتی ہوئی سیدھی سینے میں اتر جاتی ہے۔
ہم اسے آسانی سے کہہ دیتے ہیں کہ آج دھند بہت ہے لیکن ذرا رکیں، یہ صرف دھند نہیں ہے۔ یہ دو چہروں والی صبح ہے۔ ایک چہرہ فوگ کا ہے، جو اللّٰہ کی طرف سے نرم، سفید اور بے ضرر ہے۔دوسرا چہرہ سموگ کا ہے، جو زہریلا، بھاری اور جان لیوا ہمارے اپنے ہاتھوں کا بنایا ہوا ہے۔ ایک قدرت ہے، دوسری غفلت ہے۔ یہی غفلت آج ہمارے لیے زہرِ قاتل بن گئی ہے۔
فوگ یعنی دھند ایک قدرتی چیز ہے۔ جب سردیوں میں ہوا ٹھنڈی ہو جاتی ہے اور اس میں نمی زیادہ ہو جاتی ہے تو پانی کے باریک قطرے ہوا میں تیرنے لگتے ہیں۔ اس سے ہر چیز دھندلی نظر آتی ہے۔ یہ دھند اگرچہ راستہ روکتی ہے، گاڑیوں کو مشکل میں ڈالتی ہے؛ لیکن یہ زہریلی نہیں ہوتی۔ یہ صبح سورج نکلتے ہی ختم ہو جاتی ہے۔
سموگ بالکل الگ چیز ہے۔ جب گاڑیوں کا دھواں، فیکٹریوں کا زہریلا دھواں، اینٹوں کے بھٹوں کا دھواں، کوڑا جلانے کا دھواں اور فصلوں کی باقیات جلانے کا دھواں، سرد اور بھاری ہوا میں پھنس جاتا ہے تو سموگ بنتی ہے۔ یہ دھند سفید نہیں ہوتی، یہ سرمئی، پیلی اور کبھی کبھی کالی سی لگتی ہے۔ یہ سورج نکلنے سے بھی ختم نہیں ہوتی بلکہ سارا دن ہماری سانسوں میں اترتی رہتی ہے۔
پاکستان میں سموگ کا موسم عموماً اکتوبر کے آخر میں شروع ہوتا ہے، نومبر سے جنوری تک اپنی شدت پر رہتا ہے اور فروری تک چلتا ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، شیخوپورہ، ملتان اور اب کراچی تک اس کی لپیٹ میں آ رہے ہیں۔ اس سال نومبر میں لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس کئی بار چار سو سے اوپر گیا اور ایک دن تو پانچ سو تریسٹھ تک جا پہنچا، جسے عالمی ادارے نے صحت کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق لاہور میں پی ایم 2.5 کی مقدار عالمی ادارہ صحت کی مقرر کردہ حد سے 79.8 گنا زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
پی ایم 2.5 کیا ہے؟ یہ وہ باریک ذرات ہیں جو بال سے بھی تیس گنا چھوٹے ہوتے ہیں۔ یہ اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ ہماری ناک ان کو روک نہیں سکتی۔ یہ سیدھے پھیپھڑوں میں جاتے ہیں اور وہاں سے خون میں شامل ہو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سموگ صرف کھانسی نہیں دیتی، یہ اندر سے انسان کو کھوکھلا کر دیتی ہے۔ سموگ سے سب سے پہلے گلہ خراب ہوتا ہے، آنکھوں میں جلن ہوتی ہے، ناک بہنے لگتی ہے، کھانسی شروع ہو جاتی ہے اور پھر دمہ، برونکائٹس، نمونیا جیسی بیماریاں بڑھ جاتی ہیں۔ طویل عرصے تک اس زہریلی ہوا میں رہنے سے دل کی بیماری، فالج اور پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
بچے، بزرگ، حاملہ خواتین اور پہلے سے بیمار لوگ اس کے سب سے زیادہ شکار ہوتے ہیں۔ بچوں کے پھیپھڑے ابھی بن رہے ہوتے ہیں، سموگ ان کی نشوونما کو روک دیتی ہے۔ اسکولوں میں بچوں کی حاضری کم ہو جاتی ہے، کھیل بند ہو جاتے ہیں اور سب گھر میں قید ہو کر رہ جاتے ہیں۔
اعداد و شمار تو اور بھی ڈرانے والے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال فضائی آلودگی کی وجہ سے تقریباً ایک لاکھ اٹھائیس ہزار لوگ وقت سے پہلے مر جاتے ہیں۔ لاہور جیسے شہروں میں رہنے والے لوگوں کی عمر اوسطاً 3.9 سال کم ہو رہی ہے جبکہ لاہور میں یہ کمی سات سال تک بتائی گئی ہے۔ سوچیں! ہم صرف سانس لے کر اپنی عمر گھٹا رہے ہیں۔ یہ تو ایسے ہی ہے جیسے ہمیں پتہ بھی نہ ہو اور ہم روز تھوڑا تھوڑا زہر پی رہے ہوں۔
اب سوال یہ ہے کہ یہ سموگ آتی کہاں سے ہے؟ اس کی ایک وجہ نہیں، کئی وجوہات ہیں۔ سب سے بڑی وجہ گاڑیوں کا دھواں ہے۔ لاہور میں ٹرانسپورٹ پی ایم 2.5 کا سب سے بڑا ذریعہ بتائی گئی ہے، اس کے بعد صنعتوں کا 28 فیصد اور بھٹوں کا 17 فیصد حصہ ہے۔ پرانی گاڑیاں، رکشے، بغیر فٹنس والی بسیں، سب مل کر فضا کو زہریلا کر رہے ہیں۔ دوسری وجہ فصلوں کی باقیات جلانا ہے۔ چاول کی کٹائی کے بعد کسان کھیت صاف کرنے کے لیے باقیات کو آگ لگا دیتے ہیں۔ یہ دھواں سرحد کے دونوں طرف سے آتا ہے اور لاہور کی فضا پر چھا جاتا ہے۔ تیسری وجہ فیکٹریاں اور بھٹے ہیں جو بغیر فلٹر کے دھواں چھوڑتے ہیں۔ چوتھی وجہ کوڑا اور پلاسٹک جلانا ہے اور پانچویں وجہ تعمیرات کی گرد ہے۔
سردیوں میں ایک اور قدرتی وجہ بھی شامل ہو جاتی ہے جسے "ٹمپریچر انورژن" کہتے ہیں۔ سردیوں میں ٹھنڈی ہوا نیچے رہ جاتی ہے اور اوپر گرم ہوا کی تہہ بن جاتی ہے۔ اس لیے دھواں اوپر نہیں اٹھ سکتا، وہیں نیچے زمین کے قریب پھنسا رہتا ہے۔ اسی لیے سموگ صبح کے وقت سب سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔
سموگ صرف صحت کو نہیں، زندگی کے ہر شعبے کو متاثر کرتی ہے۔ سڑکوں پر حدِ نگاہ کم ہونے سے حادثے بڑھ جاتے ہیں۔ کاروبار رکتا ہے، مزدور کام پر نہیں جا سکتا اور اسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔ سموگ والے ہفتوں میں سینے کے انفیکشن کے مریضوں میں پینتیس سے چالیس فیصد اضافہ دیکھا جاتا ہے۔ یہ معیشت پر بھی بوجھ ہے، ہر سال اربوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
اب ہم کیا کریں؟ کیا ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جائیں؟ نہیں! اس زہر سے بچنا کچھ حد تک ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے۔
پہلی احتیاط یہ ہے کہ جب سموگ زیادہ ہو تو بلا ضرورت باہر نہ نکلیں۔ خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کو باہر نہ بھیجیں۔ دوسری احتیاط یہ ہے کہ باہر نکلنا مجبوری ہو تو N95 ماسک ضرور پہنیں۔ عام کپڑے کا ماسک اس باریک زہر کو نہیں روک سکتا۔ تیسری احتیاط یہ ہے کہ گھر کی کھڑکیاں صبح کے وقت بند رکھیں، گھروں اور محلوں میں پودے لگائیں۔ چوتھی احتیاط یہ ہے کہ کھلی فضا میں ورزش اور دوڑ سے پرہیز کریں کیونکہ تیز سانس لینے سے زیادہ زہر اندر جاتا ہے۔ پانچویں احتیاط یہ ہے کہ پانی زیادہ پئیں، گرم پانی سے غرارے کریں اور آنکھوں کو صاف پانی سے دھوئیں۔
لیکن یہ تو صرف بچاؤ ہے، اصل علاج تو جڑ کو ختم کرنا ہے۔ ہمیں اپنی گاڑیوں کی مرمت کروانی ہوگی، کوڑا جلانا بند کرنا ہوگا، درخت لگانے ہوں گے۔ ایک درخت صرف سایہ نہیں دیتا، وہ ہوا کو صاف بھی کرتا ہے؛ اگر ہر گھر میں ایک درخت لگا لیا جائے تو شہر کی فضا بدل سکتی ہے۔ حکومت کو بھی چاہیے کہ بھٹوں اور فیکٹریوں پر سختی کرے، پبلک ٹرانسپورٹ بہتر کرے اور کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے کے بجائے کوئی اور راستہ دیں۔
آخر میں میں یہی کہوں گی کہ فوگ اللّٰہ کی رحمت ہے، وہ آتی ہے اور چلی جاتی ہے؛ لیکن سموگ ہماری اپنی پیدا کی ہوئی مصیبت ہے۔ ہم نے خود اپنی ہوا کو زہر بنا دیا ہے۔ سموگ سے پاک ہوا میں سانس لینا ہر اِنسان کا حق ہے۔ آئیے، آج سے وعدہ کریں کہ ہم اپنی فضا کو صاف رکھیں گے، درخت لگائیں گے اور اس خاموش قاتل کو شکست دیں گے؛ کیونکہ زندگی ایک بار ملتی ہے اور اسے زہریلی ہوا میں گزارنا کوئی عقلمندی نہیں ہے۔
مزید پڑھیں





