پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایک پلیٹ فارم، کئی خواب اور بے شمار روشن چراغ، تحریر: مبراء عبدالقیوم

نقطہ نظر
mubarra qayoum

ادب کی دنیا میں کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں، جو صرف اپنی پہچان بنانے تک محدود نہیں رہتیں بلکہ دوسروں کو پہچان دلانے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کے خوابوں کو حقیقت کا راستہ دکھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بلاشبہ یہ کام محض ایک ادارہ قائم کرنے یا ایک پلیٹ فارم بنانے سے کہیں بڑھ کر ہے، کیونکہ کسی کے اندر چھپی ہوئی صلاحیت کو پہچاننا اور اسے آگے بڑھنے کا موقع دینا ایک بڑی فکری اور ادبی خدمت ہے۔ ہمارے معاشرے میں بے شمار ایسے لوگ موجود ہیں جن کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے۔ ان کے ذہن میں خیالات کی ایک دنیا آباد ہے، ان کے پاس احساسات ہیں، مشاہدات ہیں، تجربات ہیں اور لفظوں کو خوب صورت انداز میں ترتیب دینے کا ہنر بھی ہے مگر ان میں سے بہت سے لوگ مناسب پلیٹ فارم نہ ملنے کے باعث اپنی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے نہیں لا پاتے ہیں۔ ان کی تحریریں اکثر ان کی ڈائری، ذاتی صفحات یا محدود حلقوں تک ہی رہ جاتی ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی شخص ان کے لیے ایک راستہ کھول دے تو یہ محض ایک موقع نہیں بلکہ ان کے ادبی سفر میں ایک نئی شروعات بن جاتا ہے۔ باغی رائٹرز فورم اسی حوالے سے ایک قابلِ ذکر کاوش ہے۔ مبشر لقمان صاحب کی سرپرستی میں قائم یہ پلیٹ فارم لکھنے والوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے اور اپنی تخلیقی کاوشوں کو دوسروں تک پہنچانے کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ یہاں مختلف ادبی سرگرمیوں، مقابلوں، ایوارڈز اور اجتماعی تصانیف کے ذریعے قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ یہ بات اپنی جگہ اہم ہے کہ کسی لکھنے والے کو صرف یہ کہنا کہ "آپ اچھا لکھتے ہیں" کافی نہیں ہوتا بلکہ اسے عملی طور پر آگے بڑھنے کا موقع دینا بھی ضروری ہے۔

کسی ادبی پلیٹ فارم کی اصل خوب صورتی اس کے نام یا تشہیر میں نہیں بلکہ اس کے ذریعے سامنے آنے والے لوگوں میں ہوتی ہے۔ جب ایک نئے لکھنے والے کی تحریر کسی کتاب کا حصہ بنتی ہے، جب اسے کسی ادبی مقابلے میں پذیرائی ملتی ہے، جب اس کے نام کے ساتھ ایک اعزاز منسلک ہوتا ہے تو اس خوشی کے پیچھے صرف ایک سند یا ایوارڈ نہیں ہوتا بلکہ اس کے پیچھے برسوں کی محنت، انتظار اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کی خواہش ہوتی ہے۔

میرے اپنے ادبی سفر میں بھی باغی رائٹرز فورم ایک خوش گوار باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ اگست ایوارڈ کا حصول، 2026 کے باغی ایوارڈ کے لیے نامزدگی اور باغی انتھالوجی میں اپنی تحریر شامل کرنے کا موقع میرے لیے ایسے تجربات ہیں جنہیں میں اپنے ادبی سفر کی خوب صورت یادوں میں شمار کرتی ہوں۔ یہ مواقع میرے لیے محض ذاتی خوشی کا باعث نہیں بلکہ اس بات کا احساس بھی ہے، جب کسی لکھنے والے کو مناسب پلیٹ فارم اور حوصلہ افزائی میسر آ جائے تو اس کا اعتماد کس طرح بڑھتا ہے۔ یہاں ایک بات قابلِ غور ہے کہ ایوارڈ کسی قلم کار کی منزل نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کے ادبی سفر کا ایک سنگ میل ہونا چاہیے۔ اصل کامیابی یہ ہے کہ انسان اپنے قلم کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کرے، معاشرے کے مسائل کو محسوس کرے، مثبت سوچ کو فروغ دے اور اپنے لفظوں سے کسی کے دل و دماغ میں بہتری کی کوئی صورت پیدا کر سکے۔ باغی ادبی پلیٹ فارم بےشمار قلم کاروں کی فکری اور تخلیقی تربیت کے لیے بھی راستے ہموار کر رہا ہے۔

مبشر لقمان صاحب کی اس کاوش کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ ایک ہی چھت تلے مختلف مزاج، خیالات اور ادبی صلاحیتوں کے حامل لوگوں کو جمع ہونے کا موقع مل رہا ہے۔ کوئی افسانہ لکھتا ہے، کوئی مضمون، کوئی کالم نگاری سے وابستہ ہے اور کوئی شاعری کے ذریعے اپنے احساسات کا اظہار کرتا ہے۔ ان تمام لوگوں کو ایک جگہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملنا یقیناً ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔

ہمیں یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ کسی دوسرے کے ہنر کو تسلیم کرنا اور اسے آگے بڑھنے کا موقع دینا بھی اپنے اندر وسعتِ قلبی چاہتا ہے۔ ہر شخص خود نمایاں ہونا چاہتا ہے، لیکن جو لوگ دوسروں کو نمایاں ہونے کا موقع دیتے ہیں، وہ ایک مختلف نوعیت کی خدمت انجام دے رہے ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ صرف افراد کی حوصلہ افزائی نہیں کرتے بلکہ ایک پوری ادبی فضا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ میری نظر میں باغی رائٹرز فورم کی اصل کامیابی صرف اس کے ایوارڈز، تقریبات یا مطبوعہ کتابیں نہیں بلکہ وہ قلم کار ہیں جنہیں یہاں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا، وہ نام ہیں جو شاید کسی مناسب پلیٹ فارم کے انتظار میں تھے اور وہ خواب ہیں جنہیں کسی نے سنجیدگی سے لینے کا حوصلہ دیا ہے۔ مبشر لقمان صاحب اور ان کی پوری ٹیم کے لیے میری نیک تمنائیں ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش کو مزید وسعت عطا فرمائے۔ اس پلیٹ فارم کو نئے لکھنے والوں کے لیے امید اور حوصلے کا ذریعہ بنائے اور یہاں سے ایسے قلم کار سامنے آئیں جن کے لفظ معاشرے میں مثبت تبدیلی کا سبب بن سکیں۔ کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ چراغ روشن کرنے والا ہمیشہ خود روشنی کا مرکز نہیں ہوتا، کبھی اس کی اصل پہچان وہ چراغ ہوتے ہیں جو اس کی کوشش سے روشن ہوتے ہیں۔ اور شاید کسی ادبی پلیٹ فارم کی سب سے بڑی کامیابی بھی یہی ہے کہ وہ اپنے نام سے زیادہ اپنے قلم کاروں کے نام روشن کرے۔