پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اسلام سے پہلے مذہبی کتب کو حفظ کرنے کی روایات،تحریر:ڈاکٹر حافظ مدثر اقبال ٹمن

نقطہ نظر

اہل عرب ہزاروں برس سے اپنا کام تحریر و کتابت کے بجائے حافظہ سے چلانے کے خوگر تھے۔ ان کے تاجر لاکھوں روپے کا لین دین کرتے تھے اور کوئی لکھی پڑھی دستاویز نہ ہوتی تھی۔ پائی پائی کا حساب اور سینکڑوں گاہکوں کا تفصیلی حساب و تول زبان پر رکھتے تھے۔ وہ کاغذ کی تحریر پر اعتماد کرنے کی بجائے حافظے پر اعتماد کرنے کو زیادہ پسند کرتے تھے۔ انہیں اس پر فخر تھا اور ان کی نگاہ سے وہ شخص گر جاتا تھا جس سے بات پوچھی جائے اور وہ زبانی بتانے کی بجائے گھر سے کتاب لاکر اس کا جواب دے۔عرب کا بدو کتابوں کے طومار کو دیکھ کر مذاق اڑاتا تھا۔ بدوؤں میں بولا جانے والا یہ مشہور فقرہ تھا کہ "دل میں ایک حرف کا محفوظ رہنا کتابوں کی دس باتوں سے بہتر ہے"۔ عرب کا مشہور شاعر کہتا ہے "علم وہ نہیں ہے جو کتابوں میں درج ہے بلکہ علم وہ ہے جو سینوں میں محفوظ ہے"۔ ایک اور شاعر کہتا ہے "جس نے علم کو کاغذ کے سپرد کیا اس نے اسے ضائع کیا ،علم کے بدترین مدفن کاغذ ہے، میرا علم میرے ساتھ ہے جہاں جاتا ہوں اٹھائے لیے جاتا ہوں، جب میں گھر میں رہتا ہوں تو علم میرے ساتھ رہتا ہے اور جب بازار میں ہوتا ہوں تو میرا علم بھی بازار میں ہوتا ہے"۔ یہ مشہور قاعدہ بھی ہے کہ انسان اپنی جس قوت کو زیادہ استعمال کرتا ہے اس میں جلِا پیدا ہو جاتی ہے۔ اس کے برعکس جس قوت سے کام لینا چھوڑ دیتا ہے ، بتدریج وہ کمزور ہونے لگتی ہے۔مختلف اقوام کی مختلف چیزوں کے ساتھ خاص مناسبت کی یہی وجہ ہے اس لیے یہ بات یقینی ہے کہ عرب حافظہ کی قوت میں خصوصیت رکھتے تھے۔ حافظ عمر بن عبدالبر لکھتے ہیں:" عربوں میں بعض لوگ صرف ایک دفعہ سن کر لوگوں کے اشعار یاد کر لیا کرتے تھے"۔ مشہور محقق ابو ریحان بیرونی کے حوالے سے یہ بات مشہور ہے کہ جس زمانے میں بیرونی ہندوستان آیا تھا اس کا بیان ہے کہ اس کی آمد سے کچھ دن پیشتر ایک کشمیری پنڈت نے پہلے پہل ویدوں کو کتابی قالب عطا کیا تھا، ورنہ اس سے پہلے ویدوں کا سارا دارومدار ان پنڈتوں کے حافظہ پر تھا جو نسلاً بعد نسل اس کے اشلوکوں کو زبانی یاد کرتے چلے آ رہے تھے۔ اس کشمیری پنڈت سے پہلے زبانی یاداشت کی شکل میں وید کتنے زمانے تک رہی؟ ہم جانتے ہیں کہ البیرونی گیارہویں صدی عیسوی کے ابتدائی سالوں میں یعنی 1030ء میں ہندوستان پہنچا تھا، اس لحاظ سے یہ ماننا پڑے گا کہ کم از کم دو ہزار سال تک ہندو دھرم کی یہ بنیادی کتاب کاغذ، سیاہی اور قلم و دوات کی منت کشی سے آزاد رہی ہے۔ کرسٹن نے اپنی تاریخ ایران در عہد ساسانیہ میں لکھا ہے کہ "ہرمز چہارم ایرانی بادشاہ کے سامنے ایک عیسائی پیش ہوا جسے عہد قدیم و جدید کے سارے نوشتے زبانیں یاد تھے بادشاہ نے بائبل کے اس حافظ کو انعام سے بھی سرفراز کیا تھا"( تدوین حدیث)۔ رومیوں کی تاریخ میں مشہور حکیم سینکا کے باپ مارکس رینالس کے متعلق یہ بیان کیا گیا ہے کہ" دو ہزار الفاظ سننے کے بعد بالترتیب ان کا اعادہ بغیر کسی تھکان کے کر دیا کرتا تھا"( ترجمہ سکرس آف گارڈ )۔ ہم نہیں جانتے کہ یہود و نصاری میں اپنی کتابوں کو زبانی یاد کرنے کا یہ رواج اب بھی باقی ہے یا نہیں لیکن بعض برہمنوں کے نام کے آخر میں دوبے، چوبے، چترویدی یا ترویدی وغیرہ کے جو لاحقات پائے جاتے ہیں یہ اس بات کی علامتیں ہیں کہ ان لوگوں کے آباؤاجداد نے کسی زمانے میں وید کو زبانی یاد کیا تھا۔ کہتے ہیں کہ چاروں وید کو جو زبانی یاد کرتے تھے وہ چتر ویدی یا چوبے اور تین کے یاد کرنے والے ترویدی دو کے یاد کرنے والے دوبے کہلاتے تھے ۔ ایک چیز جو بلکل واضح ہے وہ یہ کہ آسمانی کتابوں کو زبانی یاد کرنے کا دستور جس مذہبی ذوق کی وجہ سے مسلمانوں میں اب تک باقی ہے دوسری قوموں میں ایسا رواج کبھی نہ تھا۔حضرت ابن عباس کے متعلق مشہور ہے کہ ان کے سامنے عمر بن ابی ربیعہ شاعر آیا اور ستر اشعار پر مشتمل کا ایک طویل قصیدہ پڑھ گیا۔ شاعر کے جانے کے بعد ایک شعر کے متعلق گفتگو چلی ابن عباس نے فرمایا کہ مصرعہ اس نے یوں پڑھا تھا جو مخاطب تھا اس نے پوچھا کہ کیا آپ کو پہلی دفعہ ہی پورا مصر یاد ہو گیا؟آپ فرمانے لگے اگر آپ کہتے ہیں تو پورے ستر اشعار سنا دیتا ہوں اور پھر آپ نے سنا دیے۔ امام زہریؒ فرماتے ہیں کہ میں بقیع کی طرف گزرتا ہوں تو اپنے کانوں کو بند کر لیتا ہوں اس ڈر سے کہ ان میں کوئی فحش بات داخل ہو جائے کیونکہ خدا کی قسم میرے کان میں کوئی بات بھی اب تک ایسی داخل نہیں ہوئی ہے جسے میں بھول گیا ہوں۔ امام شعبیؒ بھی یہی کہتے تھے میں نے کبھی سیاہی سے سفیدی پر کچھ نہیں لکھا اور نہ کسی شخص کی گفتگو میں نے کبھی بھولنے کے باعث دہرائی ہے۔( طبقات ابن سعد ) امام بخاری ؒ کے متعلق ان کے رفیق درس جن کا حاشد بن اسماعیل نام تھا اپنا یہ ذاتی مشاہدہ نقل کرتے تھے کہ امام بخاری ابھی نو عمر ہی تھے کہ ہمارے ساتھ حدیث کے ایک حلقہ میں شریک ہوئے ،ہم حدیثیں سن کر لکھتے جاتے تھے لیکن امام بخاری بجائے لکھنے کے چپ چاپ بیٹھے سنتے رہتے ، ایک زمانہ اسی حال میں گزر گیا ،ایک دن ساتھیوں نے ان کو ٹوکنا شروع کیا کہ بیکار درس کے حلقہ میں تم کیوں آتے ہو جب لوگوں نے ان کو بہت زیادہ چھیڑا تو غصہ میں آ گئے اور کہنے لگے لاؤ جو کچھ تم لوگوں نے لکھا ہے لے کر بیٹھ جاؤ اور سنو میں سب کو زبانی سنا دیتا ہوں حاشد کا بیان ہے کہ پندرہ ہزار سے زیادہ حدیثیں اس بندہ خدا نے زبانی سنا ڈالیں( تذکرۃ الحفاظ)۔یہ تمام تاریخی شواہد اس حقیقت کو واضح کرتے ہیں کہ حافظہ انسانی علم کا ایک عظیم سرمایہ اور تہذیبوں کی علمی روایت کا اہم ذریعہ رہا ہے، تاہم مسلمانوں میں آسمانی کتابوں اور بالخصوص احادیثِ نبویہ ﷺ کو سینوں میں محفوظ رکھنے کا ذوق ایک منفرد علمی و دینی روایت کی صورت اختیار کر گیا، جو آج بھی قابلِ قدر ہے۔